وزیراعظم پانامہ لیکس کی تحقیقات پر فیصلہ آنے تک مستعفی ہو جائیں ‘ الیاس فاروقی

ہفتہ 30 اپریل 2016 21:19

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اپریل۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف راولپنڈی کے رہنماء محمد الیاس فاروقی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے جلسوں میں لاکھوں افراد کی شرکت حکومت پر کھلا عدم اعتماد ہے پانامہ پیپرز میں نام آنے کے بعد حکومت بوکھلائی ہوئی نظر آرہی ہے ٗ انہوں نے کہا کہ شفاف تحقیقات کیلئے ضروری ہے کہ وزیراعظم تحقیقات پر فیصلہ آنے تک مستعفی ہو جائیں۔

(جاری ہے)

محمد الیاس فاروقی نے کہا پاکستان کے عوام کرپشن کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور عوام اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ملک سے کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوجاتا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کرپشن کے خاتمے کیلئے مخلصانہ جد و جہد کر رہی ہے عوام کو چاہیے کہ وہ کرپشن کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے تحریک انصاف کا ساتھ دیں ۔