لاہور‘ شہریوں کو شفاف پانی کی فراہمی میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی‘ایم ڈی واسا

ہفتہ 30 اپریل 2016 21:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اپریل۔2016ء ) واسا کے منیجنگ ڈائریکٹر چوہدری نصیر احمدنے کہا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے شہریانِ لاہور کو شفاف پانی کی فراہمی میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر آپریشن اصغر علی بھلی نے ایم ڈی واسا کی ہدایت کے مطابق پانی کے استعمال میں اضافے کے پیشِ نظر ٹیوب ویلوں پر نصب جنریٹروں کی کارکردگی کے متعلق ایک SOPجاری کردیا۔

جس کے تحت آپریشن کے تمام ڈائریکٹر صاحبان اور ماتحت عملہ کو ضروری ہدایات دی گئیں ہیں کہ اس کے مطابق متعلقہ ایکسیئن اور ایس ڈی او زجنریٹروں کی بہتر کارکردگی اور مرمت وغیرہ کے ذمہ دار ہوں گے۔اگر کسی جنریٹر میں چالو حالت کے دوران کوئی نقص ظاہر ہوتا ہے تو ڈیوٹی سٹاف اس بارے میں فوراً اپنے انچارج کو آگاہ کرے گا اور ایس ڈی او فوری اقدامات کرتے ہوئے قلیل وقت میں نقص رفع کرنے کو یقینی بنائے گا اس سلسلے میں اُنہیں ایک تربیتی چارٹ بھی مہیا کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جنریٹروں کو صرف ضرورت کے وقت چلایا جائے گا ۔اس مقصد کے لیے فیول مہیا کیا جائے گا اور اسکی باقاعدہ لاگ بُک مرتب کی جائے گی تا کہ فیول کا ناجائز استعمال نہ ہو۔واسا ہیڈ آفس میں ایک سینٹرل کمپلینٹ مانیٹرنگ سیل پہلے ہی قائم ہے جو ان تمام باتوں کی نگرانی کرتا ہے۔SOPمیں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ٹیوب ویل اور ڈسپوزل اسٹیشنوں پر ڈیوٹی پر تعینات آپریٹروں کی لسٹ اُنکے نام اور ٹکٹ نمبروں کے ساتھ آویزاں کی جائے گی۔

علاوہ ازیں آپریٹر ڈیوٹی ٹائم ختم ہونے کے بعد دوسرے آپریٹر کو ڈیوٹی سونپنے تک اور کسی بھی قسم کے حالات میں مشینری کو تنہا نہیں چھوڑے گا اور دیگر دی گئی ہدایات پر سختی سے کاربند ہو گا۔متعلقہ ایس ڈی او اور سب انجینیئر جنریٹروں پر فیول ریکارڈ اور ولٹیج کی کمی بیشی روزانہ کی بنیاد پر چیک کریں گے تا کہ ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔SOPکے مطابق فرائض سے غفلت برتنے والے سٹاف کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :