ایف سولہ طیاروں کی فروخت، فوجی امداد سے انکار نے امریکہ دشمنی کو ایک بار پھر بے نقاب کردیا، علامہ سبطین سبزواری

ہفتہ 30 اپریل 2016 21:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اپریل۔2016ء ) شیعہ علما کونسل پنجاب اور اسلامی تحریک کے صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے امریکی کانگریس کی طرف سے پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت اور دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ کی فوجی امداد سے انکار کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے ہمیشہ دھوکہ دیا ہے مگر ہمارے حکمران واشنگٹن کی کاسہ لیسی اور غلامی سے باز نہیں آتے۔

میڈیا سے گفتگو میں علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ امریکہ سے کسی خیر کی توقع نہیں، تاریخ گواہ ہے کہ اس نے پاکستان کو ہمیشہ دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران طبقے کو خود انحصاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہوکر امریکی غلامی کے چنگل ے نکلنا چاہیے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے طیارے پاکستان کی دفاعی ضرورت ہے، اور اسی حوالے سے اس پر اتفاق کیا گیا تھا مگر بھارت سے امریکی دوستی واضح ہوگئی ہے کہ اسے پاکستان سے دوستی کی ضرورت نہیں، بھارتی لالچ کا احترام ہے، جو اسلام دشمنی میں اسرائیل کی طرح امریکہ کا ساتھی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی افغانستان میں جنگ میں پاکستان کا بھاری جانی اور مالی نقصان ہوا۔ نجی جہادی لشکروں نے ریاست کی اینٹ سے اینٹ بجادی۔ ہماری فوج اور پولیس کے نوجوانوں کی شہادتوں کے ساتھ مساجد، امام بارگاہوں، خانقاہوں، گرجا گھروں، عیدمیلادالنبی اور عزاداری کے جلوسوں ، تعلیمی اداروں اور مارکیٹوں کو خود کش حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔

اسی بنیاد پر عالمی برادری جو امداد پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف دے رہی تھی۔ اس سے انکارنے امریکہ کی دشمنی کوایک بار پھر بے نقاب کردیا ہے۔ اس سے اب حکمرانوں کی آنکھیں بھی کھل جانی چاہیں کہ دوسروں کی جنگ میں پھنسنے کی بجائے،ہمیں اپنے فیصلے خود اسلام آباد میں کرنے چاہیں۔ واشنگٹن کے اشاروں پر چلنے سے انکار کردیں۔ یہ باوقار انداز ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :