دھرنوں کے شوقین اپنی احتجاجی سیاست سے غریبوں کے فلاحی پروگراموں میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں‘خدمت کارڈ پروگرام کے تحت اب تک 65 ہزار سے زائد مستحق معذور افراد میں کروڑوں روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں‘پنجاب حکومت کے اربوں روپے کے فلاحی پروگراموں سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے

وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی صوبائی وزیر ہارون سلطان بخاری سے بات چیت

ہفتہ 30 اپریل 2016 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے اربوں روپے کے فلاحی پروگراموں سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے۔ معذور افراد کی اعانت کیلئے خدمت کارڈ پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہے اور پروگرام کے تحت اب تک 65 ہزار سے زائد مستحق معذور افراد کو خدمت کارڈ جاری کئے جا چکے ہیں۔

خدمت کارڈ کے ذریعے معذور افراد میں کروڑوں روپے کی مالی امداد تقسیم کی جا چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے ڈیڑھ لاکھ سے زائد مالی مشکلات سے دوچار ذہین طلبا و طالبات اپنی علمی پیاس بجھا رہے ہیں۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ذریعے غریب گھرانوں کے 15 لاکھ سے زائد بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

دانش سکولوں میں بھی غریب ترین گھرانوں کے بچوں اور بچیوں کو قیام و طعام اور معیاری تعلیم کی سہولتیں مفت حاصل ہیں۔ نوجوانوں کو اپنا روزگار شروع کرنے کیلئے بلاسود قرضے بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دھرنوں کے شوقین اپنی احتجاجی اور انتشار کی سیاست کے ذریعے غریبوں کے فلاحی پروگراموں میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں۔ملک کی ترقی کے راستے میں روڑے اٹکانے والوں کو عوام کی فلاح و بہبود سے کوئی سروکار نہیں۔

عوام ان عناصر کے عزائم جان چکے ہیں، دھرنوں کی طرح انہیں اب بھی ناکامی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رہے گا۔ پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا کر دم لیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سید ہارون سلطان بخاری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔