صوبائی وزیر معدنیات کا گندم خریداری سینٹروں کا اچانک دورہ ‘تمام انتظامات کا جائزہ لیا

میرٹ پر باردانہ کی تقسیم ہو گی ‘حکومت گندم خریداری مہم کے دوران کسانوں کو تمام سہولتیں فراہم کر رہی ہے ‘چوہدری شیر علی خان

ہفتہ 30 اپریل 2016 20:28

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء) صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی خان کا گزشتہ روز تحصیل قصور کے گندم خریداری سینٹروں کا اچانک دورہ ‘تمام انتظامات کا جائزہ لیا ۔صوبائی وزیر نے تحصیل قصور میں 4گندم خریداری سینٹروں منڈی عثمان والا ، کھڈیاں خاص ، سٹی قصور اور بیدیاں کا ہنگامی دورہ کیا اور وہاں پر تمام سہولیات کا جائزہ لیا کسانوں کے مسائل سنے اور انہیں فوری حل کرانے کی یقینی دہانی کروائی ۔

انہوں نے تمام سینٹروں پر عملے کی حاضری ، باردانہ رجسٹرڈ ، گوداموں اور دیگر انتظامات کو چیک کیا ۔ اس موقع پر انکے تحصیلدار قصور غضنفر نوید،اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر مختار احمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ چوہدری شیر علی خان نے اس موقع پر کسانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گندم خریداری مہم کے دوران میرٹ پر باردانہ کی تقسیم ہو گی اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔

(جاری ہے)

حکومت گندم خریداری مہم کے دوران کسانوں کو تمام سہولتیں فراہم کریگی ۔باردانہ کی فراہمی میں چھوٹے کسانوں کو ترجیح دی جا رہی ہے ۔ کسانوں کو انکی فصل کا فوری معاوضہ ادا کرنے کیلئے بینکوں کو بھی خصوصی انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے تا کہ کسان کسی پریشانی کے بغیر معاوضہ حاصل کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع قصور میں گندم خریداری کا ہدف 95ہزار میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے اور اسے پور ا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے اور ہر سنٹر پر کاشت کار تنظیموں کے مقامی نمائندگان کو بھی اس عمل میں شامل کیا گیا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ باردانہ کی ترسیل پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر کی جا رہی ہے اور یکم مئی سے باقاعدہ گندم خریداری کا عمل شروع کر دیا جائیگا جس کیلئے گوداموں کی پری سٹوریج ٹریٹمنٹ ہو چکی ہے ۔ قبل ازیں صوبائی وزیر چوہدری شیر علی خان کو ڈی سی او قصور محمد شاہد نے گندم خریداری مہم 2016ء کے سلسلہ میں ڈی سی او کمیٹی روم میں تفصیلی بریفنگ دی ۔

متعلقہ عنوان :