پانامہ لیکس میں شریف فیملی کا نام آیا جہانگیر ترین کا نہیں،عمران خان

ستر ارب کی سرمایہ کاری پاکستان میں ہے،کوئی سرمایہ کاری بیرون ملک نہیں،جہانگیر ترین،لاہور روانگی سے پہلے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 30 اپریل 2016 20:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 اپریل۔2016ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ہا ہے کہ نواز شریف بے قصور ہوتے تو پارلیمنٹ میں آکر اپنے اثاثوں اور ٹیکس کی ادائیگی کا بتا دیتے جبکہ جہانگیر ترین کا نام پانامہ لیکس میں نہیں آیا جہانگیر ترین بزنس مین ہیں اپنا پیسہ قانونی طو رپر باہر لے کر گئے نواز شریف پر چار مختلف الزامات ہیں ان کے پاس کسی سے سوال کرنے کا اخلاقی جواز نہیں ہے۔

مریم نواز میڈیا سیل کے خلاف نیب میں جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز لاہور روانگی سے پہلے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ میرا سب کچھ پاکستان میں ہے اور تمام اثاثے ڈکلیئر ہیں میاں صاحب بھی آدھے گھنٹے کی پریس کانفرنس کرکے بتادیں کہ ان کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا ہے اور کیا وہ حلال ہے یا نہیں میاں صاحب نے اپنی آف شور کمپنیاں ڈکلیئر نہیں کیں وہ بے قصور ہوتے تو وہ پارلیمنٹ میں آکر بتاتے کہ انہوں نے کتنا ٹیکس دیا ہے جیسے برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا نام پاناما لیکس میں آیا تو انہوں نے پارلیمنٹ میں آ کر اپنے اثاثوں اورگزشتہ چھ سالوں کی ٹیکس کی ادائیگی کے متعلق پارلیمنٹ اور عوام کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا عوام کے ٹیکس کا پیسہ مریم نواز کی میڈیا سیل اشتہارات پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ عوام کے ٹیکس کے پیسوں کے غلط استعمال پر نیب میں جائیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف الٹا دوسروں پر الزام لگارہے ہیں الزام نہ لگائیں اپنا حساب دیں پانامہ لیکس میں شریف فیملی کا نام آیا ہے جہانگیر ترین کا نہیں۔ جہانگیر ترین نے اپنے اثاثے ڈکلیئر کئے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ مانسہرہ اور ہری پور جلسوں سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا وزیراعظم پر چار الزامات لگے ہیں ان کے پاس کیا اخلاقی جواز ہے کہ وہ دوسروں سے سوال کریں۔

اس موقع پر جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری ستر ارب کی سرمایہ کاری پاکستان میں ہے میری کوئی سرمایہ کاری بیرون ملک نہیں ہے جو ہے سب پاکستان میں ہے میں نے بیرون ملک رقم جائز طریقے سے بھیجی ہے اور ٹیکس ادا کرکے بھیجی ہے اور آج سے دو دن قبل پریس کانفرنس کرکے میں تمام ثبوت میڈیا کو دکھا ہوچکا ہوں اور نواز شریف کو چیلنج کرتا ہوں میں نے کوئی منی لانڈرنگ نہیں کی ۔ ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ عابد شیر علی یہاں آجائیں میں بالکل برا نہیں مناؤں گا بلکہ یہاں کا موسم بہت اچھا ہے وہ انجوائے کرینگے