حکومت کرسی بچانے کے چکروں میں عوامی مسائل سے بالکل لاتعلق ہو چکی ہے‘اشیاء ضروریہ کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں،غریب بیچارہ بھوک وافلاس سے مررہا ہے‘لوڈشیڈنگ کے خاتمے اورروزمرہ کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی جائے

امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد کی منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو

ہفتہ 30 اپریل 2016 20:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اپریل۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ حکمرانوں کے ناقص فیصلوں اور غلط ترجیحات کی وجہ سے عوام کے مسائل میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا ہے۔ مہنگائی اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ عام آدمی دووقت کی روٹی کوترس رہا ہے۔ اشیاء ضروریہ کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں ہیں۔غریب بیچارہ بھوک وافلاس کی وجہ سے مررہا ہے اورحکومت ہے کہ مسلسل عوام دشمن پالیسیوں پر گامزن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزصوبائی دفترمنصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافے نے عوام کابھرکس نکال دیا ہے۔ گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی لوڈشیڈنگ بھی اپنی انتہاکوپہنچ چکی ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت شہروں میں14سے16اوردیہاتوں میں18سے20گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔

عوامی مسائل اس حد تک بڑھ چکے ہیں کہ غریب اور عام آدمی نہ جی سکتاہے اور نہ مرسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کرسی بچانے کے چکروں میں عوامی مسائل سے بالکل لاتعلق ہو چکی ہے۔3سال گزرچکے ہیں مگرحکمرانوں کی جانب سے عوام کوریلیف فراہم کرنے کے دعوے صرف اشتہارات تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔ناکام پالیسیوں کی بناء پرمہنگائی،بے روز گاری اور انرجی کے بحران نے ملک کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔نواز حکومت نے ملک و قوم کومزید مسائل اور مشکلات میں دھکیل دیاہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی،بیروزگاری اورلوڈشیڈنگ کے خاتمے کو یقینی بنایاجائے اورروزمرہ کی گھریلوضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی کرکے سبسڈی دی جائے۔

متعلقہ عنوان :