Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے ایک تحریک التواء کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی

شہر میں پارکنگ پلازوں کے فقدان کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا‘ پارکنگ کمپنی شہریوں کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہے ‘شہر کی تمام بڑی مارکیٹوں میں پارکنگ کے لئے کوئی مناسب انتظام نہیں

ہفتہ 30 اپریل 2016 19:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے ایک تحریک التواء کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شہر میں پارکنگ پلازوں کے فقدان کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ پارکنگ کمپنی شہریوں کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے شہر کی تمام بڑی مارکیٹوں میں پارکنگ کے لئے کوئی مناسب انتظام نہیں، تاجر اور گاہک سڑکوں پرگاڑیاں کھڑی کر دیتے ہیں۔

پارکنگ کمپنی تا حال کسی بھی جگہ پر پارکنگ پلازہ تعمیرنہ کر سکی ،پارکنگ پلازے تعمیر کرنے کے منصوبے فائلوں کی نذر ہو کر رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پارکنگ کمپنی کے شہر کی تمام بڑی مارکیٹوں میں پارکنگ پلازے بنانے کے بلندو بانگ دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور 6ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجودشہر کی کسی بھی بڑی مارکیٹ میں کوئی پارکنگ پلازہ شروع نہ کیا جا سکا جبکہ کچھ عرصہ پہلے شہر کی بڑی مارکیٹوں شاہ عالم مارکیٹ ،نیلا گنبد،نقی مارکیٹ،ایوان عدل ، اچھرہ ، ہال روڈ،اور شہر کی دوسری بڑی مارکیٹوں میں پارکنگ پلازے تعمیرکرنے کے اعلان کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے تاجروں کا کہنا ہے کہ ایک تو پہلے ہی شہر میں جابجا ترقیاتی کاموں کی وجہ سے گاہک خریداری کے لئے نہیں نکلتا اور اگرکوئی گاہک آبھی جاتا ہے تو اسے بڑی پریشانی کا سامناکرنا پڑتا ہے۔ تاجروں کاکہنا تھا کہ حکومت تاجروں سے کروڑوں روپے سالانہ ٹیکس وصول کرتی ہے جبکہ دوسری طرف سہولت کوئی بھی نہیں دی جاتی ہے

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات