پیپلزپارٹی سندھ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا صوبے کے 6 اضلاع کا دورہ کرنے اور جنرل ورکرز اجلاس بلانے کا اعلان

ہفتہ 30 اپریل 2016 19:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء ) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی کوآرڈینیشن کمیٹی نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی منظوری سے سندھ میں پارٹی کی تنظیم نو کے لیے پہلے مرحلے میں صوبے کے 6 اضلاع کا دورہ کرنے اور وہاں پارٹی کے جنرل ورکرز اجلاس بلانے کا اعلان کیا ہے ۔ اس ضمن میں کوآرڈی نیشن کمیٹی نے اپنے دوروں کا شیڈول جاری کر دیا ہے جبکہ جنرل ورکرز اجلاس کے لیے 6 اضلاع میں انتظامی کمیٹیاں بھی قائم کر دی گئی ہیں ۔

سندھ کے سینئر وزیر تعلیم و پارلیمانی امور اور کوآرڈی نیشن کمیٹی کے رکن نثار احمد کھوڑو نے ہفتہ کو اپنے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ پہلے مرحلے میں 6 اضلاع ٹھٹھہ ، سجاول ، بدین ، ٹنڈو محمد خان ، حیدر آباد رورل اور حیدر آباد اربن کا دورہ کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ان اضلاع میں جنرل ورکرز اجلاس منعقد کرکے کارکنوں سے پارٹی کی تنظیم نو کے لیے رائے لی جائے گی ۔

ان دوروں اور ورکرز اجلاس کی رپورٹ پارٹی کے چیئرمین کو ارسال کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ 6 مئی کو صبح ٹھٹھہ میں اور شام کو سجاول میں پارٹی کے جنرل ورکرز اجلاس بلائے گئے ہیں ۔ 7 مئی کی صبح بدین اور شام کو ٹنڈو محمد خان میں جبکہ 8 مئی کی صبح حیدر آباد رورل اور شام کو حیدر آباد اربن میں پارٹی کے جنرل ورکرز اجلاس طلب کیے گئے ہیں ۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ان اجلاسوں کے انعقاد کے لیے انتظامی کمیٹیاں بھی قائم کر دی گئی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ضلع ٹھٹھہ کے لیے انتظامی کمیٹی میں غلام قادر پلیجو ، امتیاز قریشی ، پیر رحمانی ، غنی بگھیاڑ اور ممتاز جلبانی شامل ہوں گے ۔ ضلع ٹھٹھہ کی انتظامی کمیٹی میں محمد علی ملکانی ، ڈاکٹر الطاف خواجہ ، محمدالدین میمن اور ڈاکٹر شمس شامل ہوں گے ۔ ضلع بدین کی انتظامی کمیٹی میں ڈاکٹر سکندر میندھرو ، نادر علی خواجہ ، حاجی رمضان چانڈیو ، عبدالغفور میمن اور مسمات حاجانی شامل ہیں ۔

ٹنڈو محمد خان ضلع کی انتظامی کمیٹی میں اعجاز شاہ بخاری ، قاسم شاہ ، عبدالقادر سومرو ، ایوبن جٹ اور محمد امین لاکھو ، حیدر آباد شہری ضلع کی انتظامی کمیٹی میں قاضی اسد عابد ، آفتاب خانزادو ، شیر محمد پیرزادو ، یامین سومرو ، صغیر قریشی اور پرویز انصاری جبکہ حیدر آباد دیہی ضلع کی انتظامی کمیٹی میں شریف قریشی ، عزیز پہوڑ ، جمن شاہ ، شیر محمد تالپور ، بدر میمن اور حکیم کھوسو شامل ہیں ۔

متعلقہ عنوان :