عوام کی خد مت کا راستہ ہی ترقی کا راستہ ہے ، 2018ء تک ترقی ،خوشحالی اور روشنی کے سفر کو مکمل کریں گے،نواز شریف

عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کی مخالفت کرنے والے پاکستان سے دشمنی کررہے ہیں،آخری جیت عوام کی ترقی و خوشحالی کی ہی ہوگی،گورنر ہاؤس لاہور میں اعلی سطحی اجلاس سے خطاب

ہفتہ 30 اپریل 2016 18:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء ) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی خد مت کا راستہ ہی ترقی کا راستہ ہے،2018ء تک ترقی ‘خوشحالی اور روشنی کے سفر کو مکمل کریں گے ،منفی سیاست کا دور ختم ہوچکاہے اور عوام انتشار پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کو ہر موقع پر یکسر مسترد کرچکے ہیں‘آخری جیت عوام کی ترقی اور خوشحالی کی ہوگی۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کے روز گورنر ہاؤس لاہور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں ملک بھر کے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبو ں کا جائزہ لیا گیا،اس موقع پر گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ‘وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف‘وفاقی و صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی سمیت دیگر اعلی حکا م بھی موجود تھے،وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ عوام کو انکی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی ضروری ہے ‘تعلیم،صحت،پینے کے صاف پانی اور دیگر سہولتوں کو ملک بھر کے عوام تک پہنچائیں گے،انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل انکے حلقوں میں حل کریں گے اورجہا ں ترقی کے لئے میگا پراجیکٹس ضروری ہیں وہاں بنیادی سہولیا ت کی فراہمی پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے ،انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابا ت کا آخری مرحلہ مئی میں ہر صورت مکمل کیا جائے اور عوام کو حقیقی معنوں میں مقامی سطح پر اقتدار کی منتقلی کو یقینی بنایا جائے،وزیر اعظم نے کہا کہ وہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے پروگرام کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے اور آئندہ دو برس میں عوام ترقی کے ثمرات سے بھر پور مستفید ہوں گے،انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ترقیاتی پروگراموں پر تیزی سے عملدرآمد کیا جائے گا کیونکہ عوام کی خد مت کا راستہ ہی ترقی کا راستہ ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ اب منفی سیاست کا دور ختم ہوچکا ہے اور عوام انتشار پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کو ہر موقع پر یکسر مسترد کرچکے ہیں اورجیت اس روشن پاکستان کی ہوگی جس کیلئے ہم نے تن‘ من اور دھن ایک کررکھاہے ،انہوں نے کہا کہ منشور اور وعدوں کے مطابق لوڈشیڈنگ کے اندھیرے دو برس میں ختم کردیں گے جبکہ عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کی مخالفت کرنے والے پاکستان سے دشمنی کررہے ہیں،اس موقع پر وزیر اعظم محمد نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک تنویر اسلم کو صوبہ میں دیہی سڑکوں کی تعمیرو بحالی کے پروگرام کو تیزی سے مکمل کرنے اور بہترین معیار پر مبارکباد دی،وزیر اعظم نے کہا کہ بجلی‘گیس اورانفرا سٹرکچر کے جن منصوبوں کا آغاز ہو چکا ہے انہیں 2018ء تک مکمل کرلیا جائے گا۔