جمہوریت اور کرپشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے،پانامہ زدہ حکمرانوں کی چھٹی ہونیوالی ہے‘ صاحبزادہ حامد رضا

منقسم اپوزیشن متحد نہ ہو ئی تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا‘ چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا پارٹی عہدیداران و کارکنان سے خطاب

ہفتہ 30 اپریل 2016 18:49

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ملک پر معاشی چوروں اور عادی لٹیروں کا قبضہ ختم کروانا ہو گا،پانامہ زدہ حکمرانوں کی چھٹی ہونیوالی ہے، جمہوریت اور کرپشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے،سیاست میں حرام کی کمائی کا عمل دخل ختم کرکے ہی سیاست کی تطہیر ممکن ہے،کالی دولت والوں نے سیاست بھی کالی کر دی ہے،فوج چھوٹو گینگ کی طرح لوٹو گینگ کا بھی صفایا کرے،قوم نمائشی نہیں حقیقی احتساب چاہتی ہے،سیاست او ر بد عنوانی کا گٹھ جوڑ توڑنے کا وقت آگیا ہے،منقسم اپوزیشن متحد نہ ہو ئی تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر روانگی سے قبل لاہور میں پارٹی عہدیداران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ افغانستان کے حکمران بھارت کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ پاک فوج نے بے مثال قربانیاں دیکر دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے۔وزیر اعظم جلسوں کے بجائے پارلیمنٹ میں اپنا مؤقف پیش کریں۔ کرپٹ مافیا کو سیاست بدر نہ کیا گیا تو ملک تباہ ہو جائے گا۔

سیاست کو کھرب پتیوں کا کھیل بنا دیاگیا ہے۔بھارت کے مراعات یافتہ اور مراعات یافتہ افراد دہشتگرد ی میں ملوث ہیں۔ قوم حکومت سے مایوس اور بیزار ہے۔بلاامتیاز احتساب سے جمہوری نظام کمزور نہیں مضبوط ہوگا۔ حکومت نے وزارت خارجہ کودو بابوں کے حوالے کررکھا ہے جبکہ پاکستان کو مستقل وزیر خارجہ کی ضرورت ہے۔حکومت ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔حکمرانوں نے تین سالوں میں کو ئی انتخابی نعرہ پورا نہیں کیا۔