صدر ممنون حسین نے اقلیتی رہنما دیوان بہادر ایس پی سنگھا کیلئے یادرگاری ڈاک ٹکٹ کا اجراکردیا

حکومت اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لارہی ہے ، اسلام اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے ، ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے ، ممنون حسین کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 30 اپریل 2016 18:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اپریل۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے اقلیتی رہنما دیوان بہادر ایس پی سنگھا کے لئے یادرگاری ڈاک ٹکٹ کا اجراکردیا۔ اس موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے خبر دار کرتے ہوئے کہاکہ گمراہ عناصر اپنی کارروائیوں سے باز آجائیں ، قانون کا شکنجہ ان کے گرد سخت ہورہا ہے ،اس سے وہ بچ نہیں سکیں گے،، اسلام اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے ، ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے، اقلیتی برادریاں پاکستانی گلدستے کا خوٴشنما پھول ہیں جنھوں نے قیام پاکستان اور تعمیر پاکستان کے مراحل میں پوری قوم کے شانہ بشانہ شاندار کردار ادا کیا۔

ڈاک ٹکٹ کے اجراء کی تقریب اجرا ایوان صدر میں ہوئی جس میں وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپننگ سینیٹر کامران مائیکل، الیگزنڈر جان ملک اور بشپ آزاد مائیکل نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی اور خاص طور پر مسیحی برادری نے پوری قوم کے ساتھ مل کر ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے شاندار کردار ادا کیا جس کے لیے وہ تعریف کی مستحق ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ دیوان بہادر ایس پی سنگھا نے پنجاب اسمبلی کے رکن اور اسپیکر کی حیثیت سے قیام پاکستان کے لیے اہم کردار ادا کیا جس کے لیے قوم ان کے کردار کی معترف ہے۔ ان کی یاد میں ڈاک ٹکٹ کا اجرا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم تحریک آزادی کے پیروز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے اور انکی سپاس گزار رہتی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ ریاست کی نظر میں تمام شہری برابر ہیں ،یہی بات قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی گیارہ اگست کی تقریر میں بھی کہی تھی جس کی بنیاد پر آئین نے بھی رنگ ،نسل اور عقیدے کی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا۔

انھوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت بھی اقلیتیوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل کو برائے کار لارہی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ حکومت نے اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں جن میں سینیٹ ،قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں خصوصی نشستوں کا تعین، ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹہ ،مذہبی تہواروں پر چھٹی،اقلیتی طلبہ کے خصوصی اسکالر شپس کا اجرا،اقلیتی عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش کے لیے فنڈز کی فراہمی، اقلیتیوں کے قومی کمیشن کا قیام اور گیارہ اگست کو اقلیتیوں کے قومی دن کے طور پر منانا شامل ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ یہ امر باعث تشویش ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران اقلیتوں کو چند تکلیف دہ واقعات کا سامنا کرنا پڑا تاکہ ملک کی خوش گوار فضا کو خراب کیا جاسکے لیکن پاکستانی قوم کے اتحاد نے اس سازش کو ناکام بنا دیا۔ انھوں نے کہا کہ اسلام اقلیتیوں کے حقوق کا محافظ ہے اور ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے، انھوں نے خبردار کیا کہ گمراہ عناصر اپنی کارروائیوں سے باز آجائیں کیونکہ قانون کا شکنجہ ان کے گرد سخت ہورہا ہے جس سے وہ بچ نہ سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :