Live Updates

حکومت نے عوام کے ٹیکس کے پیسے سے اخبارات میں جھوٹے اشتہار دیئے،معاملہ عدالت لے جائیں گے،نوازشریف نے جہانگیر ترین کی طرح اپنے اثاثے ڈکلیئر نہیں کئے،حکومت پانامالیکس کے معاملے پر خاموش کرانے کیلئے ہمیں بلیک میل کررہی ہے، رائیونڈ میں احتجاج کسی مقصد کیلئے ہے،میرے اثاثے سب کے سامنے ہیں،عابد شیر علی بنی گالہ کیا لینے آئیں گے

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی لاہور روانگی سے قبل بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 30 اپریل 2016 18:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 اپریل۔2016ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کے ٹیکس کے پیسے سے اخبارات میں جھوٹے اشتہار دیئے،معاملے کو عدالت لے جائیں گے،نوازشریف نے جہانگیر ترین کے بقایا اثاثے ڈکلیئر نہیں کئے،حکومت پانامالیکس کے معاملے پر خاموش کرانے کے لئے بلیک میل کررہی ہے،میرا رائیونڈ میں احتجاج کسی مقصد کے لئے ہے،میرے اثاثے توسب کے سامنے ہیں،عابد شیر علی بنی گالہ کیا لینے آئیں گے،،نوازشریف کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی اخلاقی جوازنہیں اگر حکومت نے ہمارے ٹی او آرز نہ مانے تو لاہور کے جلسے میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔

وہ ہفتہ کو لاہور روانگی سے قبل بنی گالہ میں اپنی رہائش پر میڈیا سے گفتگوکررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتیں بلیک میل نہیں کرتیں،مجرموں کو پکڑا کرتی ہیں،حکومت نے الزام تراشی کے لئے ایک سیل بنارکھا ہے،اخبارات میں اشتہارات اور پراپیگنڈے کے معاملے کو عدالت لے جائیں گے،انہوں نے کہا کہ پاناماپیپرز میں میرا،جہانگیر ترین،شوکت خانم میموریل ہسپتال اورخورشید شاہ کا نام نہیں، نوازشریف کا نام آیا ہے،وہ وضاحت دیں۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت ہمیں بلیک میل کررہی ہے کہ کسی طرح پانامالیکس کے معاملے پر پیچھے ہٹ جائیں،نوازشریف پر سب سے بڑا الزام تو یہ ہے کہ انہوں نے الیکشن کمیشن میں اثاثے ڈکلیئر نہیں کئے نہ ہی یہ بتایا کہ ان کے پاس اتنا پیسہ آیا کیسے،جہانگیر ترین نہ تو پہلے ہی پریس کانفرنس کرکے بتا دیا تھا کہ لندن میں میرے بیٹے کے نام فلیٹس ہیں جو ٹیکس ادا کرنے کے بعد خریدے گئے لیکن اگر نوازشریف نے ٹیکس اداکیا ہوتاتو انہیں مانسہرہ اور ہری پور میں جلسے کرنے کی ضرورت نہیں تھی،آدھے گھنٹے کی پریس کانفرنس کرکے قوم کو بتاسکتے تھے کہ پیسہ کہاں سے آیا اورکیسے باہر گیا۔

عمران خان نے کہا کہ نوازشریف اپنے اوپر لگنے والے الزامات کا جواب دیں وہ بجائے جواب دینے دوسروں پر کرپشن کے الزامات لگارہے ہیں،نوازشریف کے پاس حکومت میں رہنے کا کوئی اخلاقی جوازنہیں اگر حکومت نے ہمارے ٹی او آرز نہ مانے تو لاہور کے جلسے میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا،پہلی دفعہ ایسا ہورہاہے کہ مجرم خود ٹی اوآرز بنا رہاہے، ایسے کیسے احتساب ہوسکتاہے، اس سے ثابت ہوتاہے کہ میاں صاحب واقعی مجرم ہیں اوراپنے جرائم چھپانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی وزیراعظم پر الزام لگا تو ڈیوڈ کیمرون نے پارلیمنٹ کے سامنے جاکر اپنے اثاثوں اور ٹیکس کے چھ سالہ ریکارڈ کو پیش کیا،نوازشریف کو بھی بتانا پڑے گا ساری اپوزیشن اس معاملے پر متفق ہے۔انہوں نے کہا کہ میں تو رائیونڈ میں کسی مقصد کے لئے جارہا ہوں میاں صاحب یا عابد شیر علی بنی گالہ میں مجھ سے کیا پوچھنے آئیں گے،عابد شیر علی کو آنے کی ضرورت نہیں،میرے اثاثے ڈکلیئر ہیں اور اگر آنا بھی چاہیں تو آسکتے ہیں یہاں کا موسم خوشگوار ہے،بیٹھ سکتے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات