صدر مملکت نے اقلیتی رہنماء دیوان بہادر ایس پی سنگھا کیلئے یادرگاری ڈاک ٹکٹ کا اجراکردیا

اسلام اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے ان کیخلاف کسی قسم کی کارروائی اسلامی تعلیمات کیخلاف ہے، تقریب سے خطاب

ہفتہ 30 اپریل 2016 17:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے اقلیتی رہنما دیوان بہادر ایس پی سنگھا کیلئے یادرگاری ڈاک ٹکٹ کا اجراکردیا۔ اس موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اقلیتی برادریاں پاکستانی گلدستے کا خوشنما پھول ہیں جنھوں نے قیام پاکستان اور تعمیر پاکستان کے مراحل میں پوری قوم کے شانہ بشانہ شاندار کردار ادا کیا۔

ڈاک ٹکٹ کی تقریب اجرا ایوان صدر میں ہوئی جس میں وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپننگ سینیٹر کامران مائیکل، الیگزنڈر جان ملک اور بشپ آزاد مائیکل نے بھی خطاب کیا۔صدر مملکت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی اور خاص طور پر مسیحی برادری نے پوری قوم کے ساتھ مل کر ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے شاندار کردار ادا کیا جس کے لیے وہ تعریف کی مستحق ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ دیوان بہادر ایس پی سنگھا نے پنجاب اسمبلی کے رکن اور اسپیکر کی حیثیت سے قیام پاکستان کے لییاہم کردار ادا کیا جس کیلئے قوم ان کے کردار کی معترف ہے۔ ان کی یاد میں ڈاک ٹکٹ کا اجرا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم تحریک آزادی کے پیروز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے اور انکی سپاس گزار رہتی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ ریاست کی نظر میں تمام شہری برابر ہیں ،یہی بات قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی گیارہ اگست کی تقریر میں بھی کہی تھی جس کی بنیاد پر آئین نے بھی رنگ ،نسل اور عقیدے کی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا۔

انھوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت بھی اقلیتیوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل کو برائے کار لارہی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ حکومت نے اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں جن میں سینیٹ ،قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں خصوصی نشستوں کا تعین، ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹہ ،مذہبی تہواروں پر چھٹی،اقلیتی طلبہ کے خصوصی اسکالر شپس کا اجرا،اقلیتی عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش کے لیے فنڈز کی فراہمی، اقلیتیوں کے قومی کمیشن کا قیام اور گیارہ اگست کو اقلیتیوں کے قومی دن کے طور پر منانا شامل ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ یہ امر باعث تشویش ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران اقلیتوں کو چند تکلیف دہ واقعات کا سامنا کرنا پڑا تاکہ ملک کی خوش گوار فضا کو خراب کیا جاسکے لیکن پاکستانی قوم کے اتحاد نے اس سازش کو ناکام بنا دیا۔ انھوں نے کہا کہ اسلام اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے اور ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے، انھوں نے خبردار کیا کہ گمراہ عناصر اپنی کارروائیوں سے باز آجائیں کیونکہ قانون کا شکنجہ ان کے گرد سخت ہورہا ہے جس سے وہ بچ نہ سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :