Live Updates

نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر ملکی و بین الاقوامی سطح پر بہتر روزگار کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے‘ قیصر احمد شیخ

ہفتہ 30 اپریل 2016 16:44

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء) چیئر مین سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس و ممبر قومی اسمبلی قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) کاسٹیٹ آف دی آرٹ نئے سرکاری فنی تعلیمی اداروں کا قیام اور موجودہ اداروں کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنے کیلئے کاوشیں کرنا خوش آئند ہے،انڈسٹر ی کی مشاورت سے ٹیوٹا کا نئے شارٹ کورسز کا آغاز بھی قابل تعریف کوششیں ہیں،ٹیوٹا زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے سے صوبہ پنجاب میں غربت کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے،ان تمام کاوشوں سے ملک میں دہشت گردی کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی،نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر ملکی و بین الاقوامی سطح پر بہتر روزگار کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (بوائز) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ، چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ تمام اقدامات کا مقصد حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو باعزت روزگار مہیا کرنا ہے۔وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر مقامی سطح کے علاوہ قطر اور یو اے ای کو ماہر افر ادی قوت کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ نوجوان ہنر سیکھیں کیونکہ ماضی میں والدین اپنے بچوں کو ہنر مند بننے کو نظر انداز کر رہے تھے۔پاکستانی نوجوان فیکٹریوں کی بجائے دفاتر میں کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں اور ملک میں بیروزگار ی کی ایک وجہ یہ بھی ہے۔اگر ہماری نوجوان نسل ہنر سیکھے توانہیں یقینا روزگار ملے گا اور اس کیلئے انہیں کسی سفارش کی ضرورت نہیں بلکہ انکی مہارت ہی ان کو نوکری دلائے گی۔

چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیوٹا ہنر مندنوجوانوں کو روزگار کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔پاکستان جنوبی ایشیاء میں جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔دنیا بھر کے سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار کو وسعت دینے کیلئے ترجیح دے رہے ہیں۔

اس وقت ان کو مختلف ٹریڈز میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی اشدضرورت ہے۔ اسی مشن کو مد نظر رکھتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کو عملی شکل دینے کیلئے ٹیوٹا مختلف نیشنل اور ملٹی نیشل کمپنیوں کے باہمی اشتراک سے پنجاب میں جدید کورسز شروع کروا چکی ہے تاکہ نوجوانوں کو فوری اور باعزت روزگار مل سکے۔غربت کی بڑی وجہ بیروزگار ی ہے اور ٹیوٹا بیروزگار نوجوانوں کو ہنر سیکھانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

جدیدشارٹ کورسز میں ہنر سیکھنے والوں کو نہ ہی کوئی فیس دینی پڑتی ہے بلکہ ان کو ماہانہ ایک ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جاتا ہے ۔ہمیں اس بات کو مد نظر رکھنا چاہئیے کہ انڈسٹری کوماہر افرادی قوت کی فراہمی سے ہی ملکی معاشی ترقی ممکن ہے اور فنی تعلیم کے فروغ سے ہمارے ملک کی معیشت مضبوط ہو گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات