کراچی،بفر زون سے 15 افراد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر گرفتار

ہفتہ 30 اپریل 2016 16:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء)حساس اداروں نے کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران ٹارگٹ کلر ریحان عرف ٹاپ کو گرفتار کرلیاہے ،ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے 15 سے زائد افرادکے قتل کا اعتراف کیاہے۔دوسری جانب پولیس نے لیاری گینگ وار غفار ذکری گروپ کے گرفتار کارندوں کی نشاندہی پر حب میں کھدائی کے دوران بھاری تعدادمیں اسلحہ برآمدکرلیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق حساس اداروں نے نارتھ کراچی کے علاقے بفرزون میں ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران ٹارگٹ کلر ریحان عرف ٹاپ کوگرفتارکر لیاہے۔ ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران چائنا کٹنگ میں ملوث ہونے اور15 سے زائد افرادکے قتل کا اعتراف بھی کیا ہے ۔دوسری جانب سائیٹ پولیس نے ڈی پی او لسبیلہ بشیر احمد بروہی اور ایڈیشنل ایس پی ضیا مندوخیل کی سربراہی میں لیاری گینگ وار غفار ذکری گروپ کے گرفتار کارندوں کی نشاندہی پر حب کے علاقے رشید آباد میں ایک پلاٹ کی کھدائی کرکے دفن کئے گئے اسلحہ کی بھاری مقدار برآمد کر لی ہے۔ برآمد کئے گئے اسلحہ میں دو ایل ایم جیز، دو ریپیٹر گنز، 6 عدد واکی ٹاکی سیٹس اور ہزاروں گولیاں شامل ہیں۔