کراچی آپریشن،وفاق کا آخری مرحلہ شروع کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 30 اپریل 2016 16:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء) وفاقی حکومت نے کراچی آپریشن کاآخری مرحلہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔اس مرحلے کا کوئی ٹائم فریم نہیں ہوگا اورآپریشن مکمل اہداف کے حصول تک جاری رکھا جائے گا۔اس مرحلے کے لیے جامع حکمت عملی طے کی جارہی ہے جس کے تحت گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی کی روشنی میں جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کر نے والی اہم شخصیات کو قانون کے مطابق گرفتار کیا جائے گا،اس مرحلے کے دوران شہر میں دہشت گردوں کے مالی ذرائع کے نیٹ ورک کو توڑنے، قبصہ مافیا، اسمگلنگ کی روک تھام ،جبری بھتہ وصولی کے خاتمے ،سیاسی ومذہبی وکالعدم جماعتوں کے عسکری ونگز کے خاتمے سمیت بھارتی خفیہ ایجنسی ”راء“ اور بیرونی ایجنڈے کے لیے کام کرنے والے عناصر کاقلع قمع کرنے کے لیے مربوط اقدامات وکریک ڈاؤن کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

اس آپریشنل مرحلے کا ہدف کراچی سے جرائم کا مکمل خاتمہ کرکے اس کو دنیا کا پرامن اور تجارتی شہر بناناہے۔کراچی آپریشن کے آخری مرحلے کے لیے ایسی حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے جس کے تحت کراچی آپریشن کے تمام اہداف 100فیصد طور پرمکمل کیے جائیں گے اور ایسی پالیسی بنائی جائے گی کہ کراچی میں دوبارہ سے جرائم پیشہ عناصر کا نیٹ ورک قائم نہ ہوسکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اس بات پر بھی غور کررہی ہے کہ کراچی کومکمل پر امن شہر بنانے کے لیے اس کے مسائل کے حل اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومت کی مشاورت سے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔اس آپریشنل پالیسی کی منظوری وزیراعظم جلدصوبائی حکومت ،وزارت داخلہ اورسیکیورٹی اداروں سے مشاورت کے بعد دیں گے۔

متعلقہ عنوان :