رائے ونڈ کا رخ کیا گیا تو بنی گالہ اور لال حویلی دور نہیں، عابد شیر علی

ہفتہ 30 اپریل 2016 15:03

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 اپریل۔2016ء) وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ اگر ہمارے لیڈر کے گھر کا محاصرہ کیا گیا تو ہم بھی اپنے کارکنوں کو نہیں روکیں گے ، بنی گالہ اور لال حویلی ہمارے کارکنوں سے دور نہیں،احتساب سب کا ہونا چاہیے کوئی مقدس گائے نہیں ہے۔ ملک کو سیف ہیون بنائیں گے ، حکومت اور قوم کو پاک فوج پر فخر ہے۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رائیونڈ کا رخ کیا گیا تو پی ٹی آئی کے کسی لیڈر کا گھر محفوظ نہیں رہے گا،عمران خان کو اللہ کے عذاب سے ڈرنا چاہئیے، عمران خان کاکے پی کے کو ماڈرن صوبہ بنانے کاپول کھل چکا ہے، ملک میں کوئی مقدس گائے نہیں۔ عابد شیر علی نے کہا کہ پاکستانی قوم نواز شریف کی عوام دوست پالیسیوں کے ساتھ ہیں ،عمران خان چاہئے اسے دھاندلی ہی سمجھ لیں مگر 2018 کے انتخابات بھی مسلم لیگ نواز ہی جیتے گی اور نوازشریف دوبارہ ملک کے وزیر اعظم بنیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں عمران خان کی حکومت ہے اس لئے وہاں چوہوں کا عذاب آیا ہوا ہے ، عمران خان دھرنوں سے دھرنیوں پر آگئے ہیں تاہم اب مسلم لیگ کے کارکن عمران خان کی گالیوں کو برداشت نہیں کریں گے اور گالی کا جواب اسی زبان میں دیا جائے گا،جہانگیر ترین شہباز شریف کے پائلٹ ہوتے تھے ، کچھ لوگوں نے دس سال مشرف کیساتھ حکومت کی۔عمران خان کو چاہیے جمہوری انداز میں سیاست کریں یہ ان کے لئے بہتر ہوگا،انہوں نے کہا کہ حکومت سب کا احتساب کر کے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کرے گی ،عمران خان اگر رائے جانے کا شوق رکھتے ہیں تو وہ یہ شوق پورا کر لیں اور یہ بھی یاد رکھیں گے کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی پہنچ سے بنی گالہ،لال حویلی اور دیگر تحریک کے رہنماؤں کے گھر دور نہیں ہیں،انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کے آف شور کمپنیاں سامنے آئیں ہیں جس کی تحقیقات ہوں گی،انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی کے لوڈشیڈنگ پر بہت حد تک قابو پالیا ہے، اس لئے ملک بھر میں رواں سال چھ چھ گھنٹے اور آئندہ سال دو دو گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوگی۔

متعلقہ عنوان :