عازمین عمرہ کو ویزہ کی فراہمی رمضان المبارک میں بھی بلاتعطل جاری رہے گی،سعود ی عرب

ہفتہ 30 اپریل 2016 14:55

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 اپریل۔2016ء) سعودی عرب کے وزیر حج ڈاکٹر حمزہ بندر الحجار نے کہا ہے کہ عازمینِ عمرہ کو ویزہ کی فراہمی رمضان المبارک میں بھی بلا تعطل جاری رہے گی۔ اور گذشتہ سال کی نسبت زائد ویزے جاری کئیے جائیں گے۔ وہ ایسوسی ایشن آف ایشین حجاج کے کنوینئر حافظ شفیق کاشف کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ حرم مکہ کا مطاف ایک لاکھ بیس ہزار زائرین کے بیک وقت طواف کے لئیے تیار ہے۔

اور حرم کی باقی تعمیرات کا اندرونی حصہ ماہ رمضان سے قبل مکمل کرلیا جائے گا، ڈاکٹر حمزہ نے کہا کہ شعبان اور رمضان میں عمرہ ویزہ کی طلب دنیا بھر میں زائد ہو جاتی ہے جس کی تقسیم کا طریقہ کار سعودی عمرہ کمپنیوں اور بیرون ملک کمپنیوں سے اعداد و شمار حاصل کرکے طے کریں گے۔

(جاری ہے)

آن لائن کے مطابق سعودی حکومت نے شعبان اور رمضان میں عمرہ زائرین کے لئیے قیام و طعام اور آمدورفت ، صحت و صفائی اور امن ِ عامہ کی بہترین منصوبہ بندی کر لی ہے تاکہ آنے والے زائرین کو بہترین سہولتیں دستیاب ہوں ، سرکاری اداروں و نجی کمپنیوں کی سخت مانیٹرنگ کا نظام بھی ای سسٹم سے منسلک کردیا گیا ہے جس سے زائرین کو فوری ریلیف فراہم ہو سکے گا ،دریں اثنا ایسوسی ایشن آف ایشین حجاج کے کنوینئر حافظ شفیق کاشف نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستانی زائرین گذشتہ سال سے حرمین کے توسیعی منصوبے کی وجہ سے رمضان میں عمرہ کی سعادت سے محروم رہے ہیں لہٰذا اب ان کے لئیے غیر محدود ویزے جاری کئیے جائیں۔