چینی لبریشن آرمی کی دراندازی ملکی سلامتی کیلئے خطرہ ہے‘ منوہر پاریکر

ہند چین اور ہند پاک سرحدوں کو محفوظ رکھنے کیلئے فوج کو جدید ہتھیاروں سے لیس کیا جا رہا ہے‘ پارلیمنٹ میں بیان

ہفتہ 30 اپریل 2016 14:39

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 اپریل۔2016ء) لداخ میں چینی فوج کی دراندازی کو باعث تشویش قرار دیتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا ہے کہ ہند چین اور پاک بھارت سرحدوں کو محفوظ بنانے کیلئے فوج کو جدید ہتھیاروں سے لیس کیا جا رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا کہ لداخ خطے میں لائن آف ایکچول کنٹرول پر چینی فوج کی دراندازی کے کئی ایک واقعات رونما ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ سرحدی تنازعات اور نشاندہی نہ ہونے کی وجہ سے صورتحال مختلف ہو جاتی ہے جس کو دیکھتے ہوئے ہم نے اپنی فوج کا لائن آف کنٹرول پر گشت تیز کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوج کو جدید ہتھیاروں سے لیس کیا جا رہا ہے اور اس ضمن میں جدید ٹیکنالوجی بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ ہر سطح پر اس کو روک سکیں۔

(جاری ہے)

پٹھان کوٹ حملے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس حملے کے بعد ہم نے اپنی سرحدیں مکمل طور پر سیل کر رکھی ہیں اور اس طرح کے مزید حملوں کو روکنے کیلئے بھی منصوبہ بندی کی ہے۔ مرکزی وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ بی ایس ایف کو اس بات کی بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سرحدوں پر مزید چوکسی برتے اور یہاں تک کہ بین الاقوامی سرحد کے ساتھ ساتھ کنٹرول لائن کو بھی سیل کریں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر دفاع نے فوج کو ہدایت دی ہے کہ کسی بھی امکانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاری کی حالت میں رہیں۔ منوہر پاریکر نے پارلیمنٹ کو یقین دلایا کہ ملک کی سرحدیں محفوظ ہیں اور ملکی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں ہے کیونکہ فوج پوری طرح سے چوکس ہے اور کسی بھی داخلی یا خارجی حملے کا جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے اندر بھی کنٹرول لائن پر فوج کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :