دیوان بہادر ایس پی سنگھا نے قیام پاکستان کیلئے ناقابل فراموش خدمات سرانجام دیں ،باوقار قومیں اپنے محسنوں کی ہمیشہ مشکور رہتی ہیں،موجودہ حکومت قائداعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں پر کار بند ہے، اقلیتی برادریوں کے حقوق کو ہمیشہ تحفظ فراہم کیا،

صدر ممنون حسین کا دیوان بہادر ایس پی سنگھا کی خدمات کے صلے میں یادگاری ٹکٹ کے اجراء کے موقع پر خطاب

ہفتہ 30 اپریل 2016 14:01

اسلام آباد ۔ 30 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 اپریل۔2016ء) قیام پاکستان میں دیوان بہادر ایس پی سنگھا کی خدمات کو سراہتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ باوقار قومیں اپنے محسنوں کی ہمیشہ مشکور رہتی ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم بھی اس حوالے سے کسی سے کم نہیں ہے۔صدر مملکت ایوان صدر میں عیسائی برادری اور پاکستانیوں کے ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے جو دیوان ایس پی سنگھا کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری ٹکٹ کے اجراء کے موقع پر منعقد کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ آزادی سے پہلے دیوان بہادر ایس پی سنگھا نے قیام پاکستان کیلئے ناقابل فراموش خدمات سرانجام دیں ہیں اور انہوں نے پنجاب اسمبلی کے رکن اور سپیکر کے طور پر قابل قدر خدمات سرانجام دیں جس کے لیے قوم ان کی شکرگزار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یادگاری ٹکٹ کا اجراء ان کی خدمات کے اعتراف میں کیا گیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم میں ہمیشہ اپنے ہیروز کی تعریف کی ہے چاہے ان کا تعلق کسی بھی اکثریتی یا اقلیتی برادری سے ہو۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ قیام پاکستان کی تحریک میں اقلیتی برادریوں میں اور بالخصوص عیسائی برادری نے پوری قوم کے ساتھ مل کر انتہائی اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد عیسائی برادری کی خدمات کا دائرہ کار مزید بڑھ گیا ہے اور ہمارے بھائیوں نے نہ صرف تعلیم اور صحت کے شعبہ میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں ہیں بلکہ انہوں نے دفاع کے انتہائی اہم شعبہ میں بھی اپنی خدمات پیش کیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی تمام برادریاں اپنے ملک کی خدمت کیلئے سخت محنت کرنے کے جذبہ پر کاربند ہیں۔

صدر نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ریاست کی نظر میں تمام شہری مساوی ہیں اور 11 اگست 1947ء کی اپنی تقریر میں قائداعظم محمد علی جناح نے یہ کہا تھا کہ پاکستان کے تمام شہریوں کو مساوی حقوق کی ضمانت دی جاتی ہے اور اس میں کسی رنگ ،نسل ،مذہب اور عقیدے کی تفریق نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت قائداعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں پر کار بند ہے اور اس نے اقلیتی برادریوں کے حقوق کو ہمیشہ تحفظ فراہم کیا ہے اور سب سے بڑھ کر پاکستان کا آئین تمام اقلیتی برادریوں کے حقوق کے مکمل تحفظ کی گارنٹی دیتا ہے۔

پاکستان کی اکثریتی اور اقلیتی برادریوں کے درمیان امن ،پیار ،محبت اور باہمی رواداری کی بنیاد حضرت محمد کی تعلیمات پر مبنی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم ان شاندار روایات پر ابھی تک عمل پیرا ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاہم یہ بات بڑی افسوس ناک ہے کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران اقلیتی برادریوں کے ساتھ بعض مواقع پر ناروا سلوک برتا گیا جس کا مقصد ملک میں مذہبی ہم آہنگی،رواداری اور برداشت کے ماحول کو خراب کرنا تھا،لیکن پاکستان کے باشعور اور محب وطن افراد نے ان گھناؤنی سازشوں کو ناکام بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بعض واقعات ملک کے مختلف حصوں میں رونما ہوئے جن میں اقلیتی برادری کو حدف بنایا گیا تھا جو اسلام کی تعلیمات کی صریحاً خلاف ورزی ہے اور اس طرح کی سازش کرنے والے عناصر کی گمراہ کن کارروائیوں پر وہ سخت سزا کے مستحق ہیں۔صدر نے کہا کہ حدیث پاک سے مروی ہے کہ اگر کسی نے کسی غیر مسلم کی حق تلفی کی تو وہ روز قیامت جواب دہ ہوگا۔

صدر مملکت نے کہا کہ شر پسند اپنے گھناؤنی کارروائیوں سے اب باز رہیں کیونکہ ملک میں قانون پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ صدر ممنوں حسین نے اس موقع حکومت پاکستان کی جانب سے اقلیتی برادری کے لیے کئے گئے فلاحی اقدامات کا تذکرہ کیا جن میں سینٹ ،قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کیلئے مخصوص نشستیں، نوکریوں کی5 فیصد کوٹہ اور اقلتی برادری کے مذہبی تہواروں پر ملازمین کو چھٹیوں کی سہولت، اقلیتوں کیلئے فلاحی فنڈ کا قیام ،اقلیتی برادری کے طلباء کیلئے وظائف ،مذہبی مقامات کی تزئین وآرائش ،اقلیتوں کیلئے نیشنل کمیشن کا قیام اور سرکاری سطح پر 11 اگست کو اقلیتوں کا دن منانا بھی شامل ہیں۔

صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اور اقلیتی برادریوں کے تحفظ کیلئے تمام آئینی اور قانونی اقدامات کئے جائیں گے۔صدر ممنوں حسین نے دیوان بہادر ایس پی سنگھا کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری ٹکٹ کے اجراء پر حکومت کو مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادریاں ہمارے ملک کے گلدستے پاکستان کے خوبصورت پھول ہیں اور ان کی سلامتی اور ترقی کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔

بندرگاہوں اور جہاز رانی کے وزیر کامران مائیکل ،ڈاکٹر الیگزینڈر بشپ جان میلک اور بشپ آزاد مائیکل نے بھی اس موقع پر بھی خطاب کیا اور دیوان ایس پی سنگھا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر دیوان ایس پی سنگھا کی پاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا گیا۔