پاناما پیپرز پر اعلان کردہ جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز پر اپوزیشن جماعتیں آپس میں متحد نہیں ‘عرفان صدیقی

ہفتہ 30 اپریل 2016 12:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اپریل۔2016ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ محمد عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاناما پیپرز پر اعلان کردہ جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز پر اپوزیشن جماعتیں آپس میں متحد نہیں ‘200 پاکستانیوں کے نام پاناما پیپرز میں آئے ہیں ‘صرف وزیر اعظم اور ان کے خاندان کو نشانہ بنایا جارہاہے ۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن جماعتیں اس معاملے پر اپنے ٹی او آرز پیش کرینگی تو حکومت پاناما لیکس کی شفاف تحقیقات کیلئے مثبت تجاویز پر غور کرنے کیلئے تیار ہے ہم ٹی او آرز میں بہتری کیلئے بھی تیار ہیں وزیر اعظم کے مشیر نے کہاکہ وزیراعظم محمد نواز شریف کو پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل ہے، انہیں بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے حالانکہ پاناما پیپرز میں ان کا نام شامل ہی نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پاناما پیپرز کے معاملے پر الزامات اور احتجاج کی سیاست صرف پوائنٹ سکورنگ کیلئے کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 200 پاکستانیوں کے نام پاناما پیپرز میں آئے ہیں لیکن صرف وزیراعظم اور انکے خاندان کو ہی اپوزیشن کی جانب سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے کئی قریبی ساتھیوں کے نام بھی پاناما پیپرز میں آئے ہیں ‘ چند انکے قریبی ساتھیوں کے تو بنک سے قرضوں کی معافی کا معاملہ بھی سامنے آ چکا ہے۔

عمران خان اپنے ان ساتھیوں کو احتساب سے بچانے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتیں اس معاملے پر سیاست چمکا رہی ہیں جو ملکی ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ کا سبب بن رہا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاناما پیپرز کے سامنے آنے پر فوراً اخلاقی بنیادوں پر خود کو اور اپنے خاندان کو احتساب کیلئے پیش کر دیا اور اس معاملے کی تحقیقات کیلئے ایک جوڈیشل کمیشن کے قیام کا اعلان کر دیا۔