کیپٹل ہسپتال میں لیپروسکوپک کی تربیتی ورکشاپ کا ا نعقاد

جمعہ 29 اپریل 2016 21:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اپریل۔2016ء ) سی ڈی اے کے زیرِ اہتمام کیپٹل ہسپتال میں شعبہ جنرل سرجری نے سوسائٹی آف سرجنز پاکستان، راولپنڈی / اسلام آباد کے تعاون سے لیپروسکوپک کی تربیتی ورکشاپ کا انتظام کیا جس میں ڈاکٹروں اور تربیت حاصل کرنے والے ڈاکٹروں نے براہ راست سرجری کے آپریشن(Live laparoscopic Surgery Workshop) کا مشاہدہ کیا۔

لیپروسکوپک سرجری میں ہرنیا کے آپریشن کو سی ڈی اے ہسپتال کے آپریشن تھیٹر سے آڈیٹوریم میں براہ راست دیکھایا گیا اور سرجری کے آپریشن جڑواں شہروں کی مشہورسرجنوں کی ٹیم نے نئے تربیت پانے والے نوجوان ڈاکٹروں،سرجنوں کے ہمراہ براہِ راست دیکھا جو زیرترِ بیت نوجوان ڈاکٹروں کے لیے بہترین ، اہم اور مفید تجربہ ہے۔مشہور ماہرِکینسر( آن کالوجسٹ Oncologist)ڈاکٹر کامران رشید نے اس حوالے سے متعلق مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیااور سی ڈی اے ہسپتال کے ڈاکٹروں کو متعلقہ معلومات اور تحقیقات سے آگاہی فراہم کی اس کے علاوہ ڈاکٹر یاسمین اقبال نے مرض کی صورت میں کھانے پینے سے متعلق ہونے والی تحقیق سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

تربیتی ورکشاپ میں کیپٹل ہسپتال میں پی جی ڈاکٹر نوشی بی بی نے شرکاء کو لیپروسکوپک(Laparoscopic) ، گیسٹرک(Gastric) اور کینسر سرجری سے متعلق بتایا۔لیپروسکوپک وینٹرل(Ventral) ہرنیا سے متلعق ڈاکٹر تنصیر اصغر، بریسٹ کلینک آڈٹ و سٹڈیز برائے بریسٹ کینسر سے متعلق ڈاکٹر رقیہ مشتاق نے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ سوسائٹی آف سرجنز کے صدرپروفیسر ڈاکٹر نعیم ضیاء نے کیپٹل ہسپتال کی طرف سے اس تربیتی ورکشاپ کے عمدہ انتظامات کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ ایسی تربیتی ورکشاپس کا تسلسل سے انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کیپٹل ہسپتال کے شعبہ سرجری کے سربراہ ڈاکٹر نعیم تاج کی کوششوں اور ہسپتال میں خدمات سر انجام دینے والے ڈاکٹروں کے لیے اس تربیتی پروگرام کو باقاعدہ ایک مطالعاتی ساخت کے ساتھ جاری رکھنے کی بھی تعریف کی۔پروفیسر ڈاکٹر محمد حنیف نے بھی ہسپتال کی کارکردگی ، کام کی نفاست، سہولیات اورڈھانچے کو سراہا۔ڈاکٹر نعیم تاج اور ڈاکٹر تنصیراصغر نے لیپروسکوپک کولیسٹیکمی(Cholecystectomy) اور لیپروسکوپک اپنڈوکٹمی(Appendectomy) کے طریقہ کارسے متعلق بتایا۔

علاوہ ازیں لیپروسکوپک (sleeve mastectomy)کے کام اور گیسٹرک کینسر کو بھی پیش کیا۔ ڈاکٹر حنیف اور ڈاکٹر نعیم ضیاء نے براہ راست ٹی ای پی (TEP) اورٹی اے پی پی(TAPP) کے طریقہ کار کو بھی عملاً براہِ راست پیش کیا۔ سی ڈی اے ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرڈاکٹر فیاض لودھی ،نے کہا کہ کیپٹل ہسپتال ہمیشہ اس طرح کی معلوماتی اور نصابی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنے میں پیش پیش رہے گا اور سرجری کے شعبہ نے ہمیشہ ادارے کے اچھے نام کے لیے کام کیا ہے یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹر نعیم تاج کی کاوشوں کی وجہ سے دو مرتبہ گیننز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی انداراج ممکن ہو سکا ہے۔

سی ڈی اے ہسپتال کے شعبہ سرجری کے سربراہ ڈاکٹر نعیم تاج اور سوسائٹی آف سرجنز پاکستان ، راولپنڈی/ اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ اس شعبہ میں جدید تکنیکی مہارتوں سے نئے تربیت پانے والے سرجنز لیپروسکوپیک سرجری کے علاج سے متعلق معلومات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس شعبہ میں جدید تکنیک اور مہارتوں کو شامل کیا جانا خوش آئند ہے اور اس کی آگہی کے لیے ہسپتال میں اس طرح کی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہونا چاہیے ۔

ہسپتال میں ان معلوماتی پروگراموں کے انعقاد سے تربیت پذیر ساتھی سرجنز کو ملک کے اندر ہی بین الاقوامی سطح کی معلومات سیکھنے کے مواقع فراہم ہو نگے۔انہوں نے اس بات کا اعلان بھی کیا کہ دور دراز کے علاقوں کے اس شعبہ سے متعلق افراد کے لیے جلد براہ راست تربیتی ورکشاپ کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے ڈاکٹر سید ارشد ، شعبہ انیستھیزیا(Anesthesia) کے سرابرہ اور انکی ٹیم برائے براہِ راست ورکشاپ کی بھی تعریف کی۔

دریں اثناء چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل اور سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن عامر علی احمد نے کیپٹل ہسپتال میں اس طرح کی سر گرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے کیپٹل ہسپتال کو اپ گریڈ کرنے اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے اور سی ڈی اے انتظامیہ کی خواہش ہے کہ کیپٹل ہسپتال کو جدید مشینری اور طبی آلات سے لیس کیا جائے اور ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق پیشہ ورانہ ٹریننگ دی جائے تاکہ کیپٹل ہسپتال صحیح معنوں میں جدید ہسپتال بنایا جا سکے ۔ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر ہسپتال میں اضافی بلاک کی تعمیر کے ساتھ آپریشن تھیٹر کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :