پانامہ لیکس کے بعدنوازشریف اور ان کے خاندان کی کرپشن بے نقاب ہوچکی،پانامہ لیکس کے معاملے پر اصل سوال یہ ہے کہ اربوں ڈالر کہاں سے آئے ،اور باہر کیسے گئے،وزیراعظم فوری مستعفی ہو جائیں،سانحہ ماڈل ٹاؤن اور شہدائے اسلام آباد کاخون ہرگز معاف نہیں کریں گے،انصاف کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی

عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمرریاض عباسی،صدر عوامی تحریک اسلام آباد ابراررضا کی پریس کانفرنس

جمعہ 29 اپریل 2016 21:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اپریل۔2016ء ) پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمرریاض عباسی،صدر عوامی تحریک اسلام آباد ابراررضاایڈووکیٹ نے کہا کہ حکمران کرپشن اور لوٹ مار کسی صورت چھوڑنے کے لئے تیار نہیں ہیں،قوم ایسے نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی،حکومتی کمیشن ایک ٹوپی ڈرامہ ہے،جس سے عوام کو لالی پاپ دیاجارہا ہے،پانامہ لیکس کے بعد نوازشریف اور ان کے خاندان کی کرپشن بے نقاب ہوچکی،وزیراعظم کوفوری مستعفی ہوجانا چاہئے۔

وہ گزشتہ روز اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ اسی سلسلے میں احتجاجی مظاہرہ اور علامتی دھرنا آج دن 3بجے آبپارہ چوک میں ہوگا۔اس موقع پرمیڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان، فاروق بٹ، مصطفی خان ،انصار ملک،حسن ملک،احسن قریشی اور دیگر بھی موجود تھے،انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ شلوار تو نظر آگئی ،جس پر سوموٹو لے لیا گیا، لیکن انسانوں کی لاشیں ،معصوم بلکتے بچے اور خواتین نظر نہیں آئیں،عمرریاض عباسی نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ باقر نجفی رپورٹ کو فوری طور پر پبلک کیا جائے اور سانحہ اسلام آباد کی ایف آئی آر پر فوری عمل درآمد کروایا جائے،انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر اصل سوال یہ ہے کہ اربوں ڈالر کہاں سے آئے ،اور باہر کیسے گئے،انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر نیب کو فوری نوٹس لینا چائیے تھا جس نے زبان بند کی ہوئی ہے،ملکی اداروں کو کرپشن کے خاتمے کے لئے اپنا کرداراداکرنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں عوام پر نئے ٹیکس لگانے کی بجائے 30سال میں لوٹی گئی قومی دولت واپس لائی جائے،جو حکمران خاندان خود آف شور کمپنیاں بنا کر ٹیکس چوری کرتاہواسے تاجروں، صنعتکاروں اور دیگر طبقات سے ٹیکس مانگنے کا کوئی حق نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرپٹ وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کرنے والی بے زبان کابینہ کووزیراعظم سے یہ سوال پوچھنے کی جرات نہیں ہوئی کہ آپ کے بچوں نے آف شور کمپنیاں کیسے بنائیں اور بیرون ملک دولت کیسے جمع کی اور یہ پیسہ پاکستان سے نکل کر خلیجی ممالک ،پانامہ سے ہوتا ہوا لندن تک کیسے پہنچا،سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہ کارکنوں پر گولیاں چلائی گئیں،14کارکن شہید ہوئے سینکڑوں کو گولیوں سے چھلنی کیا گیا،آج تک شہیدوں کے لواحقین کو انصاف نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر عوامی تحریک کے حکومتی کرپشن کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں ۔ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کرپشن اور بے ایمانی منظر عام پر آنے کے بعد بھی حکمرانوں کی ڈھٹائی میں کوئی کمی نہیں آئی ۔حکمرانوں نے ایک بار پھر قوم کو گمراہ کرنے کوشش کی،کرپشن کے خلاف ،کڑے اور بے رحم احتساب کی آواز سب سے پہلی آواز پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے اٹھائی،حکمران آج بھی احتساب سے بچنے کی کوششوں میں مصروف ہیں ،قوم جان لے موجودہ ملکی قوانین کے تحت بڑے چوروں کا احتساب نہیں ہو سکتا۔

مہنگائی کنٹرول کرنے کے دعویدار آٹا،مرغی ،دال، چینی غریب کی پہنچ سے دور کرنے کے ذمہ دار ہیں۔عالمی سطح پر پٹرول کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود غریب آدمی کو اس کا حقیقی ریلیف نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک واحد جماعت ہے جس کے کارکن کرپشن کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کررہے ہیں اورعوامی تحریک کے کارکنوں نے موجودہ ظالم نظام اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف جانی ،مالی قربانیاں دیں ۔