موسمی سیاستدان موسم کے تبدیل ہوتے ہی غائب ہوجاتے ہیں پھر نیا بہانہ ڈھونڈ کر سڑکوں پر آجاتے ہیں ‘ سردار ایاز صادق

اسپیکر قومی اسمبلی کی گڑھی شاہو میں میڈیا سے گفتگو ، پی ٹی آئی رہنما رانا سلیم کی ملاقات ،ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان

جمعہ 29 اپریل 2016 21:33

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اپریل۔2016ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ہم میدان میں رہ کر سیاست کرنے والے لوگ ہیں لیکن جو اب میدان میں آئے ہیں وہ موسمی سیاستدان ہیں ، موسم کے تبدیل ہوتے ہی غائب ہوجاتے ہیں پھر نیا بہانہ ڈھونڈ کر سڑکوں پر آجاتے ہیں ، ہم موسمی سیاست دانوں کی باتوں کا برا نہیں مانتے ،جب احتساب ہوگا، توسب کا ہوگا، کسی کو بخشانہیں جائے گا ،جماعت اسلامی خیبر پختونخوا میں وزیرخزانہ سے حساب لے، پھرہم دیں گے ،جو ٹی او آر سپریم کورٹ کو بھیجے گئے ہیں ان کے مطابق سب کچھ کیا جاسکتاہے جبکہ خفیہ ملاقاتیں وہ کرتے ہیں جن کے دل میں چور ہوتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے انتخابی حلقہ گڑھی شاہو کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ انتظامیہ کی طرف سے تحریک انصاف کو مال روڈ پر جلسے کی اجازت اس لیے نہیں دی جا رہی کہ سکیورٹی خدشات کے علاوہ وہاں تاجر بھی احتجاج کرتے ہیں کیونکہ ان کا کاروبار متاثر ہوتا ہے ۔

اس کے علاوہ جس طرح اسلام آباد میں ایف نائن پارک کو تباہ و برباد کیا گیا اور گند پھیلایا گیا ہم نہیں چاہتے کہ یہاں بھی املاک کو نقصان پہنچے ۔تاہم امید ہے کہ جلسے کے حوالے سے معاملہ جلد حل ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ میں 2002ء سے سڑکوں پر ہوں ، 2013میں بھی سڑکوں پر تھا اور اب بھی سڑکوں پر ہوں کیونکہ ہماری ذمہ داری ہے کہ حلقے کے عوام کے مسائل سنیں اور حل کریں ۔

لیکن جو اب میدان میں آئے ہیں جو موسم کے ساتھ آتے ہیں اور موسم کے تبدیل ہوتے ہی پھر غائب ہو جاتے ہیں ۔ پھر کچھ ماہ بعد کوئی بہانہ ڈھونڈ کر دوبارہ سڑکوں پر آجاتے ہیں ، اس لیے ہم موسمی سیاستدانوں کی باتوں کا برانہیں مانتے ۔ عمران خان کی طرف سے لاہور میں خفیہ ملاقاتوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ خفیہ ملاقاتیں وہ کرتے ہیں جن کے دل میں چور ہو ۔

ہم جن سے ملاقاتیں کرتے ہیں سب کے سامنے کرتے ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو ٹی او آر سپریم کورٹ آف پاکستان کو بھجوائے گئے ہیں اس میں بہت گنجائش رکھی گئی ہے مگر یہ نہیں ہو سکتا کہ صرف پانامہ لیکس کو کیا جائے یا آئل آف مین جس کے کل پرسوں اور بھی انکشاف ہوں گے اور عوام کے سامنے آئیں گے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ جب احتساب ہوگا، توسب کا ہوگا، کسی کو بخشانہیں جائے گا جبکہ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا میں وزیرخزانہ سے حساب لے، پھرہم دیں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ خواجہ آصف کو عمران خان نے ہر جانے کا نوٹس بھیجا تھا لیکن خود عدالتوں کا سامنا نہیں کرتے ۔ بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے تحریک انصاف کے رہنما رانا سلیم نے ملاقات کر کے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ۔