ادویات کی برآمدات بڑھانے کیلئے وزارت قومی صحت ،پاکستان فارماسوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن حکومت کو ٹھوس تجاویز دیں ، ممنون حسین

وفاقی ڈرگ سرویلنس لیبارٹری کو جلد از جلد فعال کیا جائے ،ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی شرائط کو پورا کرنے کیلئے ادویات کے برآمدکنندگان کو سرٹیفکیٹ بھی مہیا کیے جائیں ، صدر مملکت کی ہدایت

جمعہ 29 اپریل 2016 21:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اپریل۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ وزارت قومی صحت اور پاکستان فارماسوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن ادویات کی برآمدات بڑھانے کے لیے حکومت کو ٹھوس تجاویز دیں تاکہ پاکستان اپنی پوری صلاحیت کے مطابق ادویات کی برآمدات بڑھاسکے۔یہ بات صدر مملکت نے پاکستان فارماسوٹیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے بریفنگ کے دوران کہی۔

اس موقع پر سیکریٹری قومی صحت اور سیکریٹری تجارت بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے زور دیا کہ وفاقی ڈرگ سرویلنس لیبارٹری کو جلد از جلد فعال کیا جائے اور ادویات کے برآمدکنندگان کو سرٹیفیکیٹ بھی مہیا کیے جائیں تاکہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی شرائط کو پورا کیا جاسکے۔صدر ممنون حسین نے سیکریٹری ہیلتھ کو ہدایت دی کہ وہ ڈرگ لیبارٹری کو فعال کرنے کے لیے فوری طور پر اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ فارماسوٹیکل ایسوسی ایشن ادویات کی برآمدات بڑھانے کے لیے اعلیٰ معیار کو قائم رکھے۔ اس ضمن میں برآمدکنندگان کو حکومت کی طرف سے بھرپور تعاون حاصل رہے گا۔اس موقع پرفارماسوٹیکل ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے صدر مملکت کا ادویہ سازی کے شعبے میں دلچسپی لینے اور برآمدکنندگان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرانے پر شکریہ ادا کیا۔