سٹریٹجک پلان اوور سائیٹ کمیٹی کو پارلیمانی کمیٹی میں تبدیل کر دیا گیا

جمعہ 29 اپریل 2016 21:16

اسلام آباد ۔ 29 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 اپریل۔2016ء) سٹریٹجک پلان اوور سائیٹ کمیٹی کو پارلیمانی کمیٹی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ کمیٹی کا اجلاس سٹریٹجک پلان اوور سائیٹ کمیٹی (ایس پی او سی) کی کنوینر مریم اورنگزیب کی صدارت میں قومی اسمبلی میں ایس ڈی جیز سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران کمیٹی کی کنوینر مریم اورنگزیب نے تجویز پیش کی کہ سٹریٹجک کمیٹی کو پارلیمانی کمیٹی میں تبدیل کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ قومی اسمبلی سٹریٹجک پلان قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی ہمیشہ رہنے والی دستاویز ہوگی جو پارلیمنٹرین اور سیکریٹریٹ سٹاف کو آئینی امور پر ہونے والی پیشرفت پر رہنمائی کرے گی۔ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کو زیر بحث لاتے ہوئے مریم اورنگزیب نے صوبائی سطح پر قانون سازی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ترقی سے متعلقہ امور کا حل ہو سکے جس طرح قومی اسمبلی نے غذائیت کی کمی کے مسئلہ پر روشنی ڈالی اور تمام فریقین کو ایک میز پر جمع کیا جبکہ ایس ڈی جیز ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے پروگرام مینجمنٹ یونٹ قومی اسمبلی کے جوائنٹ سیکریٹری نے بتایا کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں لیجسلیٹو ڈرافٹنگ قونصل قائم کی گئی ہے جو کہ اس وقت دوسرا تربیتی کورس کرا رہی ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی ریسرچ و لائبریری ونگ کی افرادی قوت میں اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ ریسرچ ونگ کو جدید اور تحقیقی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں تاکہ اراکین پارلیمنٹ کو معیاری تحقیق مل سکے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ پی ایس ڈی پی اور مالیاتی مینجمنٹ کے حوالے سے کئی تربیتی ورکشاپس اور تربیتی سیشنز منعقد کئے جا چکے ہیں۔ کمیٹی نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ اور کمیٹی سٹاف کی استعداد کار بڑھانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ سیکریٹری قومی اسمبلی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کا سیکریٹریٹ قومی اسمبلی سٹریٹجک پلان پر عمل درآمد اور ہر طرح کی معاونت کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔ اجلاس میں کمیٹی کے ممبران محمد خان ڈاھا، آسیہ ناصر، رومینا خورشید عالم، سابق رکن یاسمین رحمان، سیکریٹری اسمبلی عبدالجبار علی نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :