وزارت قومی صحت اور پاکستان فارماسوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن ادویات کی برآمدات بڑھانے کیلئے حکومت کو ٹھوس تجاویز دیں،

وفاقی ڈرگ سرویلنس لیبارٹری کو جلد فعال کیا جائے ‘ ادویات کے برآمدکنندگان کو سرٹیفیکیٹ مہیا کیے جائیں صدر مملکت ممنون حسین کا پاکستان فارماسوٹیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے دی گئی بریفنگ سے خطاب

جمعہ 29 اپریل 2016 20:26

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اپریل۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ وزارت قومی صحت اور پاکستان فارماسوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن ادویات کی برآمدات بڑھانے کے لیے حکومت کو ٹھوس تجاویز دیں تاکہ پاکستان اپنی پوری صلاحیت کے مطابق ادویات کی برآمدات بڑھاسکے، وفاقی ڈرگ سرویلنس لیبارٹری کو جلد از جلد فعال کیا جائے اور ادویات کے برآمدکنندگان کو سرٹیفیکیٹ بھی مہیا کیے جائیں۔

وہ جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں پاکستان فارماسوٹیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے دی گئی بریفنگ سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر سیکریٹری قومی صحت اور سیکریٹری تجارت بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے زور دیا کہ وفاقی ڈرگ سرویلنس لیبارٹری کو جلد از جلد فعال کیا جائے اور ادویات کے برآمدکنندگان کو سرٹیفیکیٹ بھی مہیا کیے جائیں تاکہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی شرائط کو پورا کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین نے سیکریٹری ہیلتھ کو ہدایت دی کہ وہ ڈرگ لیبارٹری کو فعال کرنے کے لیے فوری طور پر اقدامات کریں۔صدر مملکت نے کہا کہ فارماسوٹیکل ایسوسی ایشن ادویات کی برآمدات بڑھانے کے لیے اعلیٰ معیار کو قائم رکھے۔ اس ضمن میں برآمدکنندگان کو حکومت کی طرف سے بھرپور تعاون حاصل رہے گا۔اس موقع پرفارماسوٹیکل ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے صدر مملکت کا ادویہ سازی کے شعبے میں دلچسپی لینے اور برآمدکنندگان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرانے پر شکریہ ادا کیا۔