صدر مملکت کی فارما سیوٹیکل برآمدات میں اضافے کے لئے فوری طور پر ٹھوس تجاویز پیش کرنے،فیڈرل ڈرگ سرویلینس لیبارٹری کو جلد فعال بنانے کی ہدایت

جمعہ 29 اپریل 2016 20:10

اسلام آباد ۔ 29 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 اپریل۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے فارما سیوٹیکل برآمدات کے موجودہ حجم پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز اور پاکستان فارما سیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن سے کہا ہے کہ فارما سیوٹیکل برآمدات میں اضافے کے لئے فوری طور پر ٹھوس تجاویز پیش کی جائیں تاکہ اس کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکے۔

صدر نے یہ بات جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں پاکستان فارما سیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کی طرف سے پریزنٹیشن کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں سیکریٹری وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن اور سیکریٹری وزارت تجارت نے بھی شرکت کی۔ صدر نے صحت کی عالمی تنظیم کے تقاضوں کو پورا کرنے اور بین الاقوامی منڈی میں فارما سیوٹیکل برآمدات کی سہولت کے لئے ضروری سرٹیفیکیشن فراہم کرنے کے لئے اسلام آباد میں فیڈرل ڈرگ سرویلینس لیبارٹری کو جلد فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

صدر نے سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ اس لیبارٹری کو جلد فعال بنانے کو یقینی بنایا جائے۔ صدر نے کہا کہ رکاوٹوں کو دور کرنے اور کوالٹی کنٹرول کے اعلیٰ معیار کو یقینی بناتے ہوئے پاکستان فارما سیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کو سخت کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ غیر ملکی خریداروں کو حکومت کی طرف سے ضروری مدد کو یقینی بناتے ہوئے ترغیب دی جا سکے۔ پاکستان فارما سیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے صدر کو فارما سیوٹیکل صنعت سے متعلق ایشوز کے بارے میں آگاہ کیا اور فارما سیوٹیکل برآمدات کے فروغ میں ان کی گہری دلچسپی پر اظہار تشکر کیا۔

متعلقہ عنوان :