وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ

صحت مند معاشرے کیلئے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی نہایت اہمیت کی حامل ہے، عوامی فلاح و بہبود کے کسی منصوبے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،وسائل عوام کی امانت ہیں،صوبہ میں ایک ایک پائی کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے‘شہباز شریف

جمعہ 29 اپریل 2016 19:56

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اپریل۔2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے کے لئے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی نہایت اہمیت کی حامل ہے اور حکومت اس مقصد کے لئے بڑے منصوبے پر عمل پیرا ہے، صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے اور عوامی فلاح و بہبود کے اس منصوبے میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

وہ یہاں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد کیلئے کئی ایک اہم فیصلے کئے گئے ۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پینے کے صاف پانی تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے ۔ حکومت آئندہ چند برس میں ہر شہری کو صاف پانی کی دستیابی کو یقینی بنائے گی۔

(جاری ہے)

عوام کو آلودگی سے پاک اور صاف پانی فراہم کر کے انہیں متعدد بیماریوں سے بچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک غریب ملک ہے اور کفایت شعاری اختیار کرتے ہوئے بہترین منصوبے وضع کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ وسائل عوام کی امانت ہیں اور اسی مقصد کے لئے صوبہ میں ایک ایک پائی کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور بڑے منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کرکے شفافیت اور کفایت شعاری کی ایک ایسی مثال قائم کی گئی ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

پینے کے صاف پانی جیسے اہم منصوبے کے لئے وسائل کی فراہمی میں کمی نہیں آنے دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے فرسودہ نظام کی بجائے منصوبوں میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے اور صاف پانی پراجیکٹ میں بھی کنسلٹنٹس کی مشاورت سے ایسی ہی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے جس سے عوام کو پینے کے صاف پانی کی مسلسل فراہمی میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے اور ان منصوبوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کو بڑی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تیزی سے تکمیل کیلئے منصوبوں پر برق رفتاری سے کام جاری ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا بلکہ توانائی کے منصوبوں کے مکمل ہونے پر ملک سے اندھیرے چھٹ جائیں گے اور صنعت کا پہیہ بھی مسلسل رواں دواں رہے گا۔

وزیر اعلی نے ایک اعلی سطحی کمیٹی بھی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو کنسلٹنٹس کی مشاورت سے پینے کے صاف پانی پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے اپنی سفارشات آئندہ چند روز میں پیش کرے گی۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک، اراکین صوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری ، متعلقہ سیکرٹریزاور اعلی حکام نے سو ل سیکرٹریٹ سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :