بلاول بھٹوکی کشمیر کی سرزمین آمد شہید قائدین کی کشمیری عوام کیساتھ لازوال کمٹمنٹ کا تسلسل ہے ،سردار عابد حسین عابد

پیپلزپارٹی وفاق کی علامت ،بلاول بھٹو کراچی سے لیکر کشمیر تک عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں،کوٹلی میں بلاول بھٹو کا خطاب سرحد کے پار بھی لرزا طاری کر دیگا، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

جمعہ 29 اپریل 2016 19:52

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اپریل۔2016ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابدنے کہا ہے کہ بلاول بھٹوکی کل کشمیر کی سرزمین آمد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کی کشمیری عوام کے ساتھ لازوال کمٹمنٹ کا تسلسل ہے ۔پیپلزپارٹی وفاق کی علامت اور بلاول بھٹو کراچی سے لیکر کشمیر تک عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں ۔

کوٹلی میں بلاول بھٹو کا خطاب سرحد کے پار بھی لرزا طاری کر دیگا ۔کشمیری عوام اپنے محبوب قائد کے استقبال کے لیے بے چین ہیں کل پورا کوٹلی بھٹو کے لیے امنڈ آئے گا ۔انہوں نے ان خیا لات کا اظہارصحافیوں سے گفتگو میں کیا ۔سردار عابد حسین عابد نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے تین میڈیکل کالج دیکر ریکارڈ قائم کیا اور اس کا سب سے بڑا کریڈٹ سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری کو جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیمی پیکج دیکر حکومت نے تعلیم دوستی کا ثبوت دیا ،چار یونیورسٹیاں اور سب سے بڑھ کر خواتین یونیورسٹی کا قیام ایک ایسا کارنامہ ہے جس کی کوئی نظیر نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ انشاء اﷲ پیپلزپارٹی 2016 کے انتخابات میں بھی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر حکومت بنائے گی اورپھر ہمارا پروگرام مظفر آباد میں بھی ایک وویمن یونیورسٹی دینے کا ہے ۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بھی ایک ترقیاتی پیکج دیا گیا ہے جس سے طبی سہولتوں میں اضافہ ہوا ہے اور لوگوں کو آسانیاں میسر آئی ہیں ۔ ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو مقابلہ کوئی بھی نہیں کر سکتا ہمارا نظریہ عوام کی خدمت ہے اور ہم اس پر قائم ہیں ۔شہید بھٹو کا ویژن ہمار ا راستہ ہے جس پر چلتے رہیں گے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ چئیرمین پیپلزپارٹی کا والہانہ اور لازوال استقبال کیا جائیگا ۔