پاک سرزمین پارٹی کالاہور میں اپنادفتر قائم کرنے کا اعلان

پنجاب میں عوام کی بڑی تعداد ہمارا ساتھ دینا چاہتی ہے،پشاور اور کوئٹہ سے بھی بہت اچھا ردعمل آ رہا ہے،خالد شمیم کے الزام کو مسترد کرتا ہوں ،خالد شمیم کے بیان کی متحدہ کے قائد کو تردید یا تصدیق کرنی چاہیے،خالدشمیم نے کہا تھاکہ زمینوں پر قبضے ہوئے مگر یہ نہیں کہا کہ ہم نے کئے ،ک سرزمین پارٹی کے رہنماء رضا ہارون کی پریس کانفرنس

جمعہ 29 اپریل 2016 19:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اپریل۔2016ء) پاک سرزمین پارٹی کے رہنماء رضا ہارون نے کہا ہے کہ پنجاب میں عوام کی بڑی تعداد ہمارا ساتھ دینا چاہتی ہے،پشاور اور کوئٹہ سے بھی بہت اچھا رسپانس مل رہا ہے،خالد شمیم کے الزام کو مسترد کرتا ہوں ،خالد شمیم کے بیان کی متحدہ کے قائد کو تردید یا تصدیق کرنی چاہیے،خالدشمیم نے کہا تھاکہ زمینوں پر قبضے ہوئے مگر یہ نہیں کہا کہ ہم نے کئے۔

وہ جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر پاک سرزمین پارٹی نے لاہور میں اپنا دفتر کھولنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کا یہ سمجھنا تھا کہ ہماری پارٹی ریجنل پارٹی ہے، مگر ہم گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی تنظیم سازی شروع کریں گے۔ رضا ہارون نے کہا کہ میں اور افتخار رندھاوا (آج) ہفتہ کو لاہور جا رہے ہیں کیونکہ پنجاب میں عوام کی بڑی تعداد ہمارا ساتھ دینا چاہتی ہے، ہمیں پشاور سے بھی اچھا رسپانس مل رہا ہے، ہم ایک وفد پشاور کیلئے بھی تیار کر رہے ہیں اور ایک وفد کوئٹہ بھی بھیجیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خالد شمیم نے کہا تھا کہ زمینوں پر قبضے ہوئے مگر یہ نہیں کہا کہ ہم نے کئے، لینڈ گریبنگ کا الزام ہم پر نہیں لگایا گیا، میں اس الزام کی تردید کر چکا ہوں اور خالد شمیم کے الزام کو مسترد کرتا ہوں ،خالد شمیم کے بیان کی متحدہ کے قائد کو تردید یا تصدیق کرنی چاہیے اور کچھ لوگوں کو بہت خوش فہمی ہے مگر وہ یہ نہیں دیکھ رہے کہ لوگ ان کو چھوڑ چھوڑ کر جا رہے ہیں۔

انہوں نے نام لئے بغیر ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپنا ہاؤس آرڈر میں کریں آپ کے اندرایک کھلبلی مچی ہوئی ہے، یونٹ اور سیکٹر سے بھی لاتعلقی ظاہر کی جا رہی ہے، آپ کو ہمارے جلسے کی فکر ہے مگر اپنی پوزیشن تو واضح کریں،یہ اپنی ہر چیز سے لاتعلقی دکھا رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جن کے پاس فون نہیں آ رہا وہ بھی پریشان ہیں اور جن کے موبائل فون بند ہیں وہ بھی پریشان ہیں۔