حکومت کا اسلوب حکمرانی کا وژن شفافیت اور مستعدی پر مبنی ہے، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ جات سمیت 800 ارب روپے مالیت کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبہ جات آئندہ دو سے تین برسوں میں مکمل ہو جائیں گے

وزیراعظم محمد نواز شریف کی وزیر مملکت برائے مواصلات عبدالحکیم بلوچ سے گفتگو

جمعہ 29 اپریل 2016 19:09

اسلام آباد ۔ 29 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 اپریل۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کا اسلوب حکمرانی کا وژن شفافیت اور مستعدی پر مبنی ہے اور ان دونوں پہلوؤں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے یہ بات وزیر مملکت برائے مواصلات عبدالحکیم بلوچ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ملک بھر میں جاری اور آئندہ کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ موٹر وے منصوبہ جات کا آغاز کرتے ہوئے شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور مقررہ مدت کے اندر ان کی تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ جات سمیت 800 ارب روپے مالیت کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے یہ منصوبہ جات آئندہ دو سے تین برسوں میں مکمل ہو جائیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک بھر میں مواصلاتی نیٹ ورک کے منصوبہ جات سے علاقائی رابطوں کو فروغ، ملک بھر میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنے، اقتصادی نمو میں اضافے میں مدد ملے گی اور اس کے نتیجہ میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا ترقی اور اصلاحات کا ایجنڈا پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی پر محیط ہے۔