پی ایس پی کی ملک بھر میں تنظیم سازی مہم کا آغاز کل سے ہوگا ،رضا ہارون

الطاف حسین پر جو سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں اس کی وضاحت ان کو خود کرنی چاہیے،خالد شمیم کے الزامات مسترد کرتا ہوں ،افتخار رندھاوا اور وسیم آفتاب کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعہ 29 اپریل 2016 18:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اپریل۔2016ء) پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضا ہارون نے کہا ہے کہ پی ایس پی کی جانب سے کل (ہفتہ) سے ملک بھر میں تنظیم سازی مہم کا آغاز کیا جارہا ہے ۔اس مہم کے پہلے مرحلے میں ہفتہ کو لاہور میں پارٹی کے دفتر کا افتتاح کیا جائے گا ،جس کے بعد مرحلہ وار دیگر صوبوں میں پارٹی دفاتر کھولے جائیں گے ۔الطاف حسین پر جو سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں اس کی وضاحت ان کو خود کرنی چاہیے ۔

ایم کیو ایم ہماری فکر چھوڑے ،اپنی فکر کرے ۔اب تو اپنے ارکان اسمبلی اور رہنماؤں کو بچانے کے لیے روزانہ حلف برداری کی تقریب کے ساتھ ان کی گنتی بھی کی جاتی ہے ۔ایم کیو ایم کو خدشہ ہے کہ ان کے کئی اور ارکان دوسری جماعتوں میں شامل ہوسکتے ہیں ۔خالد شمیم نے مجھ پر جو الزامات عائد کیے ہیں ان کو مسترد کرتا ہوں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کو پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر وسیم آفتاب اور افتخار رندھاوا بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ 3مارچ کو مصطفی کمال اور انیس قائم خانی نے جس سفر کا آغاز کیا ،اس سفر کا مقصد لوگوں کے دلوں کو جوڑنا اور وطن پرستی کی بات کرنا ہے ۔یہ قافلہ بڑھتا جارہا ہے ۔24اپریل کو باغ جناح میں تاریخی جلسے کے بعد ہماری تنظیم نے فیصلہ کیا ہے کہ پارٹی کی تنظیم سازی ملک بھر میں کی جائے گی ۔

ملک کے چاروں صوبوں اور دنیا بھر سے لوگ ہم سے رابطہ کررہے ہیں ۔لوگ ہماری تنظیم کے دفاتر کھولنا چاہتے ہیں ۔اسی لیے پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ پہلے مرحلے میں ہفتہ کو میں اور افتخار رندھاوا لاہور جائیں گے اور ایئرپورٹ روڈ لاہور میں پارٹی کا دفتر کھولاجائے گا ۔اس کے بعد کوئٹہ ،پشاور ،کشمیر اور گلگلت بلتستان میں بھی جائیں گے ۔پورے ملک میں پارٹی کے دفاتر کھولے جائیں گے اور تنظیم سازی کے ساتھ رکنیت سازی کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سوچ وطن سے محبت ہے ۔ہم کسی کے خلاف نہیں ۔جو لوگ یہ سوچ رہے ہیں کہ پاک سرزمین پارٹی علاقائی جماعت ہوگی اور یہ کسی علاقائی جماعت کے مقابلے میں قائم کی گئی ہے ان لوگوں کی سوچ غلط ہے ۔ہم قومی سطح کی جماعت بنائیں گے ۔علاقائی جماعتوں سے ہمارا کوئی مقابلہ نہیں ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی ذاتی زندگی کے معاملات کے حوالے سے ہم کچھ نہیں کہہ سکتے ۔

اس بارے میں جس کو پوچھنا ہے وہ لندن سیکرٹریٹ سے پوچھے ۔الطاف حسین کے خلاف سنگین الزامات ہیں ۔اس کی وضاحت وہ خود ہی کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ہماری فکر کرنا چھوڑ دے ۔جب سے ان کے لوگ ہمارے پاس آرہے ہیں روزانہ نائن زیرو پر حلف برداری کی تقریب ہورہی ہے اور گنتی کی جاتی ہے کہ آج کون آیا اور کون غیر حاضر ہے ۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے موبائل بند ہیں اس کا جواب تو وہ خود دے سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے قافلے میں مزید لوگ شامل ہوں گے اور ایم کیو ایم سمیت تمام جماعتوں سے لوگ ہم سے رابطہ کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں بہت جلد پارٹی کے دفاتر کھولے جائیں گے ۔ہم کسی سے جھگڑا نہیں چاہتے ۔پرامن انداز میں سیاست کررہے ہیں ۔ہم پر الزامات لگانے والے پہلے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کا جواب دیں ۔خالد شمیم نے میرے بارے میں جو باتیں کی ہیں وہ غلط ہیں ۔

متعلقہ عنوان :