احسن اقبال 2مئی کو آئی سی اے پی پبلک فنانشل منیجمنٹ کانفرنس کا افتتاح کریں گے

آئی سی اے پی ہمیشہ ملک میں بہترین مالیاتی کاموں اور کارپوریٹ گورننس کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرتی ہے،حافظ یوسف

جمعہ 29 اپریل 2016 18:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اپریل۔2016ء ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاحات احسن اقبال 2مئی کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی آئی سی اے پی پبلک فنانشل منیجمنٹ کانفرنس کا افتتاح کریں گے ، یہ کانفرنس آئی سی اے پی کی جانب سے چارٹرڈ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک فنانس و اکاؤنٹنسی ، یوکے کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔

کانفرنس کا عنوان پورے سرکاری شعبے کے سرکاری مالیاتی منیجمنٹ میں خدمات کی ترسیل پر تبادلہ خیال اور بحث ہے کیوں کہ سرکاری شعبے میں خدمات کی ترسیل تشکیل اور اس میں بہتری کے لئے ایک موثر اور پیشہ ورانہ سرکاری مالیاتی منیجمنٹ نظام بہت اہمیت کا حامل ہے۔آئی سی اے پی کے صدر حافظ محمد یوسف نے کہا کہ آئی سی اے پی ہمیشہ ملک میں بہترین مالیاتی کاموں اور کارپوریٹ گورننس کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انسٹی ٹیوٹ حکومت پاکستان کے لئے حکمت عملیوں کی تشکیل میں گہری دلچسپی لیتی ہے اور ہمیشہ حکومت کو تکنیکی معاونت اور حمایت کی فراہمی کے لئے پرعزم رہتی ہے۔ یہ کانفرنس اکاؤنٹنٹ طبقے کو ایک منفرد موقع فراہم کرتی ہے کیوں کہ یہ پبلک فنانشل منیجمنٹ کے شعبے میں واضح فرق پیدا کرنے والے قائدین، جدت پیدا کرنے والے افرا د کے خیالات کو یک جا کرتی ہے۔

آئی سی اے پی کونسل کے رکن اور انتظامی کمیٹی کے چیئرمین راشد ابراہیم نے کہا کہ کام کرنے کا اچھا طریقہ کار اور حکمت عملی پر توجہ دیتے ہوئے مالیاتی کام کسی بھی مالیاتی معلومات میں قدر اور ذہانت کا اضافہ کرتے ہیں ا۔ یہ کانفرنس ایک ایسی آگہی اور تصور فراہم کرے گی جس کی گونج پورے سرکاری اور نجی شعبے میں سنائی دے گی۔پہلے سیشن میں دیئے جانے والے لیکچرز کے عنوانات ’’خدمات کی ترسیل کے لئے مقاصد، تقاضے، رپورٹنگ، احتساب‘‘ اور ’’پاکستان میں خدمات کی ترسیل کے لئے ‘ ہیں۔

دوسرے سیشن میں ’’مشترکہ رپورٹنگ کے ذریعے ویلیو ایڈیڈ خدمت کی تشکیل‘‘ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ تیسرے سیشن میں ’’خدمات کی ترسیل میں خلا کو پر کرنے کے لئے نتیجہ خیز بجٹ سازی‘‘ جب کہ چوتھے سیشن میں آئی پی ایس ایس اے اور کارکردگی کی رپورٹنگ‘‘ زیر بحث آئیں گے۔سیشنز کو اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ وہ پبلک فنانشل مینجمنٹ کے کردار اور عوامل کو اجاگر کر سکیں ، کیوں کہ یہ خود طے کردہ اور دیرپا ترقی اور بہتر گورننس اور جمہوری احتساب کا شفاف انتظام کرنے کے لئے ایک اہم عنصر ہے ۔

سی آئی پی ایف اے کے صدرد جان ماتھیسن اور خیبر پختون خواہ کے ڈائریکٹر جنرل آڈٹ (ضلعی حکومتیں) محمد فہیم اس کانفرنس کے کلیدی مقررین ہوں گے۔ سوالات وجوابات کے سیشنز نمٹانے کے فرائض گلین فاسیٹ (سربراہ حکومتی سی آئی پی ایف اے)، عنبرین عارف (سینئر فنانشل منیجمنٹ ماہر، عالمی بینک)، فواد اعظم ہاشمی (چیف ایگزیکٹو آفیسر اور صدر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف کارپوریٹ گورننس)، اور اسد علی شاہ (سابق صدر ICAP اور سینیئرپارٹنر ڈیلوئیٹ) انجام دیں گے۔

متعلقہ عنوان :