شام کی عوام پر ہونے والے مظالم کے خلاف اسلامی سربراہی کانفرنس کا فوری اجلاس بلایا جائے ‘چیئرمین پاکستان علماء کونسل

شام ،عراق کی عوام پر ہونے والے مظالم پر عالمی دنیا کی مجرمانہ خاموشی ختم کرے،تاریخ میں آج پہلی مرتبہ حلب میں نماز جمعہ ادانہیں کی جاسکی

جمعہ 29 اپریل 2016 18:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اپریل۔2016ء ) شام کی عوام پر ہونے والے مظالم کے خلاف اسلامی سربراہی کانفرنس کا فوری اجلاس بلایا جائے ،گزشتہ تین دنوں میں حلب اور دیگر شہروں میں ہسپتالوں ،سکول اور عوامی مقامات کو نشانہ بنایاگیا ، شام ،عراق کی عوام پر ہونے والے مظالم پر عالمی دنیا کی مجرمانہ خاموشی ختم کرے،تاریخ میں آج پہلی مرتبہ حلب میں نماز جمعہ ادانہیں کی جاسکی۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر وفاق المساجد پاکستان سے متصل ملک بھر کی 74ہزار سے زائد مساجد میں جمعہ کے خطبات میں ایک قرار داد میں کہی گئی۔جامع مسجد مدنی لاہور میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ شام اور عراق میں بیرونی مداخلتوں کے نتیجہ میں لاکھوں مسلمان شہید ہوچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

شام کے ڈکٹیٹر بشار الاسعد ایران اور روس کی حمایت سے شامی عوام کا قتل عام کررہا ہے جبکہ امریکہ اور یورپی ممالک کا کردار مجرمانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ استنبول میں ہونے والی اسلامی سربراہی کانفرنس کی قرار داد وں کی روشنی میں فوری طورپر شام کے مسئلہ کا حل کیا جائے اور شام کے عوام کو بشار الاسعد اور اس کے اتحادیوں سے نجات دلانے کیلئے اسلامی ممالک اپنا کردار اداکریں ۔

انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز ،ترکی کے صدر طیب اردگان،امیر قطر، وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور مسلم سربراہوں سے اپیل کی کہ وہ شام کی صورتحال پرفوری طور پر اپنا کردار اداکرتے ہوئے شام کی عوام کے قتل عام کو بند کروایا جائے۔انہوں نے کہا کہ عالمی انسانی حقوق کے ادارے شام کی صورتحال پر اپنا کردار اداکریں۔

متعلقہ عنوان :