اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے لیکن قومی مفادات پر سیاسی مفادات کو ترجیح نہ دی جائے ‘ گورنر پنجاب

بڑی مشکل سے دہشت گردی پر قابو پایا گیا،سی پیک جیسے منصوبے پاکستان میں آئے ہیں‘ رفیق رجوانہ کا تقریب سے خطاب

جمعہ 29 اپریل 2016 18:19

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اپریل۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ہم اقتدارکی نہیں اقداراور خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں،اپنے حلف کی پاسداری کیلئے ہم سب کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہے ،بڑی مشکل سے دہشت گردی پر قابو پایا گیاہے اور سی پیک جیسے منصوبے پاکستان میں آئے ہیں ، ملک میں نئے سکول ، کالج ، یونیورسٹیاں ، شاہراہیں، فلائی اورز تعمیر ہو رہے ہیں انڈسٹری کے لئے بجلی اور گیس کے وسائل میں اضافے کے میگا پراجیکٹ تیزی سے پائیہ تکمیل کو پہنچ رہے ہیں،اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے لیکن قومی مفادات پر سیاسی مفادات کو ترجیح نہ دی جائے اور ایسی سرگرمیوں سے گریز کیا جائے جن سے قومی ترقی کا عمل متاثر ہو اور عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہو ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہارایوان صنعت و تجارت راولپنڈی کی دوسری سالانہ انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ایوارڈز 2016 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں پاکستان میں تاجکستان کے سفیر کے علاوہ ، ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی کے صدر میاں ہمایوں پرویز،چیمبر کے سابق صدور، تاجروں ، صنعتکاروں اور آئی ٹی انڈسٹری سے وابستہ افرادنے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

گورنر پنجاب نے کہاکہ اندرون ملک اور بیرون ملک آئی ٹی کے شعبے میں نوجوانوں کا مستقبل روشن ہے اورپبلک سیکٹر میں بڑی تعداد میں آئی ٹی سے متعلق اداروں کے قیام سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں آئی ٹی سیکٹر کی ترقی اور فروغ کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے اور آئی ٹی سیکٹر میں سالانہ 40 فیصد اضافہ حوصلہ افزاء ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عارفہ کریم جیسے مائیہ ناز آئی ٹی ایکسپرٹ پیدا کئے ، اس وقت اس شعبے میں پاکستانی نوجوانوں کی کارکردگی قابل فخرہے ۔گورنر نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری میں انقلاب برپا کرکے ہم دنیا میں انقلاب لا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیمی اداروں میں جدید ریسرچ پر مزید توجہ دی جائے تاکہ پاکستان کے نوجوان پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں ک ہنر آزما سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر سماجی بہبود کی سرگرمیوں میں مزید فعال کردار ادا کرے کیونکہ پاکستان کے غریب عوام کا ہم پر حق ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آئی ٹی کے فروغ سے صنعتی اداروں کو نمایاں سہولیات حاصل ہو رہی ہیں۔ انہوں نے ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی کی صنعتی ترقی اور تاجرطبقہ کی بھرپور نمائندگی قابل تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر صدر ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی میاں ہمایوں پرویز نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے،چیمبر کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ راولپنڈی چیمبر صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔

آئی ٹی اداروں کی طرف سے ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے آئی ٹی نمائش کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے تقریب کے دوران اعلی کارکردگی کے حامل آئی ٹی اداروں کے سربراہان کو ایوارڈز دیئے اور ملک و قوم کے لئے ان کی گرانقدر خدمات کو سراہا۔