Live Updates

ضلعی انتظامیہ کا تحریک انصاف کو مال روڈ پر پر جلسے ،مسلم لیگ (ن) کو ریلی نکالنے کی اجازت دینے سے انکار

پی ٹی آئی کو ناصر باغ ، سمن آبا ڈونگی گراؤنڈ یا پنجاب اسٹیڈیم میں جلسہ کرنے کی تجویز دیدی ، عمران خان مال روڈ پر جلسہ کرنے پر ڈٹ گئے (ن) لیگ اقلیتی ونگ کی ریلی وزیراعظم سے اظہار یکجہتی کے لئے نکالا چاہتے ہیں ،اجازت ملی توریلی ضرور نکالیں گے‘وفاقی وزیر کامران مائیکل

جمعہ 29 اپریل 2016 18:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اپریل۔2016ء ) لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو مال روڈ پر پر جلسے جبکہ مسلم لیگ (ن) کو ریلی نکالنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ، پی ٹی آئی کو ناصر باغ ، سمن آبا ڈونگی گراؤنڈ یا پنجاب اسٹیڈیم میں جلسہ کرنے کی تجویز دیدی گئی تاہم چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بھی ڈٹ گئے ہیں اور بضد ہے کہ جلسہ مال روڈ پر ہی ہو گا ۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے یکم مئی کو لاہور میں مال روڈ پر جلسے کا اعلان کیا ہے تاہم لاہور میں مال روڈ پر جلسے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والے مذاکرات بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو شدید سکیورٹی خدشات لاحق ہیں اس لئے گنجان آباد علاقہ ہونے کی وجہ سے پی ٹی آئی کو مال روڈ پر جلسے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو مال روڈ پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا اور انہیں تجویز دی ہے کہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر مال روڈ کی بجائے ناصر باغ ، سمن آباد ڈونگی گراؤنڈ یا پنجاب اسٹیڈیم میں جلسہ کر لیا جائے لیکن پی ٹی آئی کا اصرار ہے کہ جلسہ مال روڈ پر ہی ہو گا ۔ اس حوالے سے ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا ہے کہ سکیورٹی خدشات کے باعث مال روڈ پر جلسے کی اجازت نہیں دی جا رہی لیکن اگر تحریک انصاف مال روڈ پر جلسہ کرنے پر بضد رہی تو سکیورٹی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے جو کہ پوری کی جائے گی ۔

تحریک انصاف کی جانب سے چیئرنگ کراس پر جلسہ کرنے کی ضد پر ڈٹے رہنے کے حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا تھا کہ اگر تحریک انصاف مال روڈ پر ہی جلسہ کرنے پربضد ہے تو ہمیں بھی کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن تحریک انصاف اپنی سکیورٹی کی خود ذمہ دار ہوگی۔دوسری جانب لاہور سے اسلام آباد روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جلسے کا مقام تبدیل نہیں کرے گی ۔

چیئرنگ کراس پر جلسے ہوتے آرہے ہیں اس لئے وہاں جلسہ کرنے سے نہیں روکا جا سکتا ۔آج ہفتے کے روز دوبارہ لاہور آؤں گا اور چیئرنگ کراس پر جلسے کے انتظامات کاخود جائزہ لوں گا ۔عمران خان کا کہنا تھا کہ جلسہ کرنا پی ٹی آئی کا جمہوری حق ہے ، جلسے کے انتظامات کرنا اور سکیورٹی فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔پی ٹی آئی کے جلسے کے حوالے سے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ۔

پی ٹی آئی آئی والے مال روڈ سمیت ملحقہ سڑکوں کو بینرز سے سجانے میں مصروف ہیں تو دوسری طرف پی ٹی آئی کی طرف سے کہا جارہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پی ایچ اے کے اہلکار بینرز اور فلیکسز اتار رہے ہیں۔اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور پی ایچ اے کا کہنا ہے کہ عمران خان نے جلسے کے دوران مال روڈ پر بینرز اور فلیکسز لگانے کیلئے انتظامیہ اور پی ایچ اے سے اجازت نہیں لی جس کے باعث یہ اقدام اٹھایا گیا ۔

تحریک انصاف نے جلسے کیلئے بینرز اور فلیکسز لگانے کی فیس بھی ادا نہیں کی۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق جلسے کا اسٹیج مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کی سامنے لگایا جائیگا ، رخ ریگل چوک کی جانب ہو گا ۔ خواتین انکلوژر افلاح بلڈنگ کے سامنے سڑک پر بنایا جائے گا ۔ جبکہ ساؤنڈ سسٹم اور لائٹس آج ( ہفتہ ) کے دن نصب کی جائیں گی ، عمران خان ہفتے کی رات انتظامات کا جائزہ لیں گے ، دوسری جانب پولیس نے بھی جلسے کے لئے سکیورٹی پلان ترتیب دیدیا ہے ۔

3ایس پی ، 18ڈی ایس پیز ، 130سب انسپکٹر اور 2ہزار 2سو جوان سکیورٹی فرائض انجام دیں گے ، پارکنگ کیلئے ملحقہ سڑکیں استعمال کی جا سکیں گی ۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن)اقلیتی ونگ کے زیر اہتمام وفاقی وزیر کامران مائیکل یکم مئی کو لاہور میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا یہ ریلی وزیراعظم نواز شریف کی حمایت میں نکلنا تھی مگر ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ریلی کی اجازت سے انکار کر دیا ۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یکم مئی کو بہت سی ریلیاں پہلے ہی نکل رہی ہیں سیکورٹی فراہم کرنا مشکل ہو جائے گا۔ وفاقی وزیر کامران مائیکل کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن)اقلیتی ونگ کی ریلی خرابی کے لئے نہیں بلکہ ہم وزیراعظم سے اظہار یکجہتی کرنا چاہتے ہیں جب اجازت ملے گی تب ریلی ضرور نکالیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات