نانگا پربت دہشت گردی کے واقعے میں غیر ملکی سیاحوں کے قتل میں ملوث 3 دہشت گردوں کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا

دہشت گردوں کی اڈیالہ جیل منتقلی کے بعد گرد و نواح میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے

جمعہ 29 اپریل 2016 18:08

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اپریل۔2016ء) نانگا پربت دہشت گردی کے واقعے میں غیر ملکی سیاحوں کے قتل میں ملوث 3 دہشت گردوں کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق نانگا پربت میں غیرملکی سیاحوں کے قتل میں ملوث 3 دہشت گردوں کو گلگت بلتستان سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 606 کے ذریعے اسلام آباد پہنچایا گیا جس کے بعد تینوں دہشت گردوں عرفان اﷲ، قریب اﷲ اور حبیب الرحمان کو سخت سیکیورٹی میں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔

دہشت گردوں کی اڈیالہ جیل منتقلی کے بعد گرد و نواح میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ دہشت گردوں کو خصوصی سیل میں رکھا گیا ہے۔اڈیالہ جیل منتقل کیے جانے والے ملزمان میں کریم اﷲ، حبیب الرحمن اور عرفان اﷲ شامل ہیں جن کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے بتایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اہلکار کے مطابق ان میں سے دو ملزمان حبیب اﷲ اور عرفان اﷲ 2013 میں نانگا پربت کے بیس کیمپ میں سیاحوں پر حملے کے مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا تاہم اْن کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی تھی۔

ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت سے اشتہاری قرار دیا گیا تھا ٗ کریم اﷲ ان مشتبہ افراد میں شامل ہیں جنھوں نے گذشتہ برس گلگت جیل پر حملہ کر کے وہاں سے متعدد قیدیوں کو چھڑاوا لیا تھا۔ تینوں ملزمان کی گرفتاری کے بعد خفیہ اداروں نے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ یہ انتہائی اہم نوعیت کے مقدمات میں مطلوب ہیں اس لیے اس بات کے امکانات ہیں کہ شدت پسند ان ملزمان کو یا تو مارنے کی کوشش کریں گے اور یا پھر قانون نافد کرنے والے اداروں کی تحویل سے چھڑانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ جون 2013 میں نانگاپربت دہشتگردی کے واقعہ میں10غیرملکی سیاح اور ایک پاکستانی گائیڈ جاں بحق ہوا تھا۔

متعلقہ عنوان :