شہری کے گھر سے 3قیمتی موبائل فون چوری کرکے فرار ہونے والا ڈاکو ٹریفک وارڈنز کے ہتھے چڑھ گیا ،پولیس کے حوالے

جمعہ 29 اپریل 2016 16:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اپریل۔2016ء) ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں ڈیوٹی پر مامور ٹریفک وارڈن نے شہری کے گھر سے تین قیمتی موبائل فون چوری کرکے فرار ہونے اور رکشہ ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم کو پکڑ کر تھانہ گارڈن ٹاؤن کے حوالے کردیا ۔چیف ٹر یفک آفیسر لاہورطیب حفیظ چیمہ نے فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ جرات وبہادری کا مظاہرہ کرنے پروارڈن کو2ہزار روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے ۔

سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک سیکٹرماڈل ٹاؤن کے علاقے کلمہ چوک میں ٹریفک وارڈن عدنان 2988ڈیوٹی پر مامور تھا کہ اس دوران 20/21سالہ نوجوان تیز رفتاری سے بھاگتا ہوا ایک رکشے سے ٹکرا گیا اور بعد ازاں بزرگ رکشہ ڈرائیورکو گالیاں دیتا ہوا تشدد کا نشانہ بنانے لگا ٹریفک وارڈن عدنان نے موقع پر پہنچ کر دریافت کیا تو نوجوان بھاگ اٹھا جس کی اس حرکت کو مشکوک جانتے ہوئے ٹریفک وارڈن نے اسکا تعاقب شروع کردیا اور شہریوں کی مدد سے اسے پکڑ کر چوک میں لائے اور ایک رکشے میں بیٹھا کر 15پر کا ل کرنے لگے تو اس نوجوان نے دوبارہ بھاگنے کی کوشش کی تو اس کی جیب سے تین بیش قیمت موبائل فون زمین پر گر گئے ملزم کو قابو کرتے ہوئے اور تمام حالات افسران بالا کے علم میں لاتے ہوئے ٹریفک وارڈن نے ملزم کو تھانہ گارڈن ٹاؤن کے حوالے کردیا ملزم وقاص خان ولد عدالت خان نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا ہے کہ وہ ایک گھر سے موبائل فون چوری کرکے فرار ہورہا تھا۔

(جاری ہے)

سی ٹی او نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرنے پر ٹریفک وارڈن کیلئے 2ہزار روپے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :