دھرنے سے” امپائر“ کی انگلی اٹھی ،نہ پانامہ لیکس پر اٹھے گی،تبدیلی بلٹ سے نہیں بیلٹ سے ہی آئے گی‘ سینیٹر پروفیسر ساجد میر

جمعہ 29 اپریل 2016 16:28

دھرنے سے” امپائر“ کی انگلی اٹھی ،نہ پانامہ لیکس پر اٹھے گی،تبدیلی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اپریل۔2016ء) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ دھرنے سے” ایمپائر“ کی انگلی اٹھی اور نہ پانامہ لیکس پر اٹھے گی،تبدیلی بلٹ سے نہیں بیلٹ سے ہی آئے گی،اپوزیشن احتساب کے نام پر ماضی جیسے کسی ماورائے آئین اقدام کا خواب دیکھ رہی ہے مگر اب پاکستان بدل گیا ہے، عوام باشعور ہو چکی ہے اور تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کررہے ہیں ، اب کوئی طالع آزما نہیں آئے گا۔

جامعہ ابراہیمیہ میں خطبہ جمعہ کے بعد کارکنوں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چور دروازے سے اقتدار کے سارے راستے بند ہو چکے ہیں۔سیاسی محاذ آرائی اور پوائنٹ سکورنگ کی سیاست کرنے والے جمہوریت کی خدمت نہیں کررہے ۔

(جاری ہے)

موجودہ اسمبلیاں اپنی آئینی میعاد پوری کریں گی۔ پیپلز پارٹی سندھ اور پی ٹی آئی کے پی کے میں اپنی کارکردگی دکھائیں۔

2018 ء کے انتخابات میں عوام نے الزامات کی سیاست پر نہیں کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ ڈالنے ہیں۔جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا معاملہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کے پاس جانے کے بعد اپوزیشن کے پاس حکومت کیخلاف سیاسی محاذ آرائی برقرار رکھنے کا کوئی جواز نہیں رہا۔اور جہاں تک ٹی او آر کا تعلق ہے تو اس پر بیٹھ کر بات کی جاسکتی ہے۔ پروفیسر ساجد میرنے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت پسند جماعت ہے اسے ماورائے آئین اقدام والی سازشوں کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔

ملکی ترقی واستحکام کے لیے اسے میثاق جمہوریت میں کیے گئے عہد وپیمان کا خیال رکھنا چاہیے۔ اور کسی صورت جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دینا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ بے لاگ احتساب بلاشبہ ملک و قوم کی ضرورت ہے ۔ جمہوریت کی عملداری میں حقیقی اور بے لاگ احتساب سسٹم کا لازمی جزو ہونا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :