سندھ اسمبلی ، نجی ٹی وی کا اینکر ساتھی سمیت اسلحہ لیکر اجلاس میں پہنچ گیا

ریٹنگ کیلئے ٹی وی اینکر نے تمام حدیں عبور کر لیں ، وزیر داخلہ اور سپیکر اسمبلی نے سخت ایکشن کا حکم دیدیا ، دونوں کو گرفتار کر لیا گیا

جمعہ 29 اپریل 2016 16:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اپریل۔2016ء) سندھ اسمبلی میں نجی ٹی وی چینل کے اینکر کو ساتھی سمیت اسلحہ لے کر ایوان میں پہنچنے پر حراست میں لے لیا گیا ہے ۔وزیرداخلہ سندھ نے ڈی آئی جی ساؤتھ کی سربراہی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کا اینکراقرارالحسن اپنے ساتھی کو اسلحہ سمیت سندھ اسمبلی میں لے گیا ، ارکان اسمبلی کے مطابق جب سیکورٹی اہلکاروں نے اینکر کے ساتھی کو روکنے کی کوشش کی تو اقرارالحسن نے سیکورٹی اہلکاروں سے کہاکہ اس کو میری ضمانت پر ایوان میں آنے دیاجائے۔

جس پر دونوں ایوان میں پہنچ گئے اور ایوان میں پہنچ کراسلحہ ظاہر کردیا اور اسپیکر سندھ اسمبلی سے کہا کہ یہ ہے آپ کی سکیورٹی میں بلا روک ٹوک ایوان میں اسلحہ لے کر داخل ہوگیا ہوں اور اسلحہ اسپیکر کے حوالے کردیا ۔

(جاری ہے)

اسلحہ برآمد ہونے پر وزیر داخلہ سندھ نے بھی سخت ایکشن لیتے ہوئے اسلحہ بردار شخص اور نجی ٹی وی چینل کے اینکر کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا جس پر پولیس نے دونوں افراد کو حراست میں لے لیا ۔

وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کا کہنا ہے کہ سیکورٹی میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائیگی ۔ا سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا کہ اسلحہ برآمدگی کے واقعے کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے ۔ واقعے کے بعد رینجرز اہلکار بھی سندھ اسمبلی پہنچ گئے۔وزیرداخلہ سہیل انورسیال نے ڈی آئی جی ساؤتھ منیراحمد شیخ کی سربراہی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے جوکہ تحقیقات کریگی کہ آیا سندھ اسمبلی کے عملے میں سے کوئی شخص اس کارروائی میں شریک تو نہیں ہے اور جو بھی اس معاملے میں شریک ہوگا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ سندھ اسمبلی کی سیکیورٹی کے انچارج اسپیکراسمبلی آغا سراج درانی ہیں اورانہی کے فیصلے پر حکومت عمل درآمد کرے گی۔

متعلقہ عنوان :