قوم کو اپنے اثاثوں کے بارے میں پہلے ہی اعتماد میں لے چکے ‘مخالفین منفی رویے کا اظہار کررہے ہیں ‘ وزیر اعظم

جمعہ 29 اپریل 2016 15:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اپریل۔2016ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ قوم کو اپنے اثاثوں کے بارے میں پہلے ہی اعتماد میں لے چکے ہیں ‘مخالفین مثبت اقدام پر منفی رویے کا اظہار کررہے ہیں ‘ منصوبوں کا رسمی افتتاح نہیں کرتے ‘ منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچاکر دم لیتے ہیں ‘ اراکین صدقِ دل سے عوام کی شب وروز خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔

مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے سردار محمد عرفان ڈوگر ‘ایم این اے عالم داد لالیکااور ایم این اے میاں نجیب الدین اویسی نے جمعہ کو وزیراعظم ہاوٴس میں وزیراعظم سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔تینوں ایم این ایز نے وزیراعظم کے ساتھ اپنے حلقوں میں جاری کاموں، عوامی مسائل اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

اراکین پارلیمان نے وزیراعظم کی قیادت اور ترقیاتی پالیسیوں پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے عوام وزیراعظم کے ترقیاتی ایجنڈے کی بھر پور حمایت اور پذیرائی کرتے ہیں۔ اراکین پارلیمان نے وزیراعظم کے اس عمل کو بھی بھر پور سراہا کہ وزیراعظم نے اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کردیا ہے۔وزیراعظم نے بتاتا کہ انہوں نے ملک میں ریکارڈ منصوبے مکمل کروائے ہیں اور عوام جانتے کہ وہ منصوبوں کا رسمی افتتاح نہیں کرتے ہیں بلکہ جس منصوبے کا بھی افتتاح کرتے ہیں اس کو پایہ تکمیل تک پہنچاتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے کل مانسہرہ میں گیس فراہمی کے تین نئے منصوبوں کا افتتاح کیا ہے جن سے ایبٹ آباد سے مانسہرہ، مانسہرہ سے اْوگی اور مانسہرہ سے شنکیاری تک گیس کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر اراکین پارلیمان کو تلقین کی کے وہ صدقِ دل سے عوام کی شب وروز خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ قوم کو اپنے اثاثوں کے بارے میں پہلے ہی اعتماد میں لے چکے ہیں۔

میں نہ مانوں کی رٹ لگانے والے ہمارے مثبت اقدام پر اپنے منفی روّیے کا اظہار کر رہے ہیں حالانکہ تمام سیاسی پارٹیوں کی رائے کے مطابق چیف جسٹس کی زیرنگرانی میں کمیشن بنانے کا فیصلہ کر دیاہے لیکن اس عمل پر بھی مخالفین نے اپنا پینترا پھر سے بدل لیاہے اور کھوکھلے نعروں پر سیاست کر رہے ہیں۔وزیر اعظم نے اراکین پارلیمان کو بتا یا کہ ان کی حکومت نے تین سالوں میں ریکارڈ منصوبوں کا افتتاح کیا ہے اور انشاء اللہ بہت جلد ملک میں دس ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کر دی جائے گی جس سے نہ صرف لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا بلکہ عوام کو سستی بجلی مہیا ہو جائے گی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ تمام عالمی ادارے پاکستان کی معاشی بحالی کے معتقل ہو چکے ہیں۔ پاکستان کی شرحِ نمو کم اور زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔