پانامالیکس،وزیراعظم پارلیمنٹ کواعتماد میں لینے کے بجائے جلسوں پرنکل گئے‘ سینیٹر اعتزاز احسن

جمعہ 29 اپریل 2016 12:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اپریل۔2016ء ) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر وزیراعظم نوازشریف پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کی بجائے جلسے کررہے ہیں، انکم ٹیکس صفر ہونے کے باوجود اتنی جائیدادیں بن جانا سمجھ سے بالاتر ہے۔لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو چاہیے تھا کہ وہ پانامہ لیکس کے معاملے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیتے، تاہم وہ جلسوں پر لگ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جس میں صرف اپوزیشن کو گالیاں دی جارہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ شریف فیملی نے 1994ء اور 96میں ایک پائی ٹیکس ادا نہیں کیا، اس کے باوجود انکی شوگر ملیں چل رہی ہیں۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ کروڑوں روپے صندوقوں اور بوریوں میں بھر کر باہر نہیں لے جائے گئے۔ اس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کی بجائے فرانزک آڈٹ کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ آج تک کرپشن اور دیگر الزامات کی تحقیقات میں کسی کو سزا نہیں ہوئی جبکہ ٹرم آف ریفرنس کیلئے قانون سازی کی ضروت ہے۔ حکومت اپوزیشن کیساتھ ملکر تحقیقاتی کمیشن کیلئے ٹرمز آف ریفرنس بنائے۔