فلم "مالک " کی نمائش پر پابندی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور

جمعہ 29 اپریل 2016 11:19

فلم "مالک " کی نمائش پر پابندی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اپریل۔2016ء ) لاہور ہائیکورٹ میں فلم مالک کی نمائش پر پابندی کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے فلم "مالک" پر پابندی کے خلاف درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور چیئرمین سنسر بورڈ سے 17 مئی کو تحریری وضاحت طلب کرلی۔ لاہور ہائیکورٹ میں فلم مالک کی نمائش پر پابندی کیس کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے فلم "مالک" پر پابندی کے خلاف درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے وفاقی حکومت اور چیئرمین سینسر بورڈ سے 17مئی کو تحریری وضاحت طلب کرلی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ فلم پر پابندی غیر قانونی ہے فلم پر پابندی کو کالعدم قرار دیا جائے۔ مقامی شہری محبوب عالم نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے مزید کہا کہ چیئرمین سنسر بورڈ نے پہلے فلم "مالک" کا سنسر سرٹیفکیٹ جاری کیا۔ بعد میں بدنیتی کی بنیاد پر کسی قانونی جواز کے بغیر فلم پر پابندی عائد کردی گئی۔ درخواست گزار نے اعتراض کیا کہ وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری کیا گیا پابندی کا نوٹیفیکیشن غیر قانونی ہے ، فلم "مالک" اسلام اور ملکی خود مختاری کے خلاف نہیں ہے۔ درخواست گزار نے بتایا کہ کرپشن کے خلاف بنائی گئی فلم لوگوں کیلئے سبق آموز ہے اس لئے عدالت سے استدعا کی جاتی ہے کہ فلم "مالک" پر پابندی کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے جس پر عدالت نے وفاقی حکومت اور چئیرمین سنسر بورڈ سے 17مئی کو تحریری وضاحت طلب کرلی۔