تاریخ میں پہلی بار ٹداپ میں کرپشن کی شرح صفر ہے، ایف آئی اے نے ٹڈاپ اسکینڈل میں ہڑپ ہونے والی رقم میں سے 25 کروڑ روپے واپس دلوائے ہیں، ایس ایم منیر

جمعرات 28 اپریل 2016 22:56

کراچی ۔ 28 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 اپریل۔2016ء) معروف صنعتکار رہنماء اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان (ٹڈاپ) ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار ٹداپ میں کرپشن کی شرح صفر ہے، ایف آئی اے نے ٹڈاپ اسکینڈل میں ہڑپ ہونے والی رقم میں سے 25 کروڑ روپے واپس دلوائے ہیں جو ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ شاہد حیات، سینئر لا آفیسر سید اسرار علی اور ان کی ٹیم کا تاریخی کارنامہ ہے، ٹڈاپ میں کسی بھی سطح پر کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کی قائمہ کمیٹی برائے اقلیتی امور اور جسٹس ہیلپ لائن کی جانب سے ایف آئی اے کے سابق ڈائریکٹر لاء موجودہ سینئر آفیسر لاء سید اسرار علی کی خدمات کے اعتراف میں کراچی جیمخانہ میں منعقدہ عشائیہ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے سید اسرار علی، حنیف گوہر، یو بی جی گروپ کے رہنما زبیر طفیل، چیئرمین ایف پی سی سی آئی قائمہ کمیٹی برائے اقلیتی امور آتم پرکاش اور صدر جسٹس ہیلپ لائن ندیم شیخ ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔

سی ای او ٹڈاپ ایس ایم منیر نے کہا کہ ٹڈاپ میں پہلے اربوں روپے کی کرپشن ہو رہی تھی جس پر اب قابو پالیا ہے اور کرپشن کی شرح صفر ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ شاہد حیات، سینئر لا آفیسر سید اسرار علی اور دیگر افسران کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے ایس ایم منیر نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ایف آئی اے نے ٹڈاپ سے ہونے والی کرپشن میں سے 25 کروڑ روپے واپس دلوائے ہیں جو ان کا تاریخی کارنامہ ہے۔

سید اسرار علی نے اپنی 33 سالہ خدمات میں اداروں کی بہت مدد کی ہے اور کرپشن کی روک تھام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے کبھی سرکار سے مراعات نہیں لیں، تنخواہ نہیں لی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ڈائریکٹرلاء و موجودہ سینئر آفیسر لاء سید اسرار علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عشائیہ کے انعقاد سے نہ صرف ان کی بلکہ ایف آئی اے محکمے کے لئے عزت افزائی کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ جسٹس ہیلپ لائن کی طرح وہ بھی عوام الناس اور ملک کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ جسٹس ہیلپ لائن معاشرتی نا انصافی کے خلاف جہاد کر رہی ہے۔ آتم پرکاش نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کی جنگ ایس ایم منیر کی سربراہی میں جاری رہے گی۔ تقریب میں سینیٹر عبد الحسیب خان، صدر کراچی جیمخانہ فواد ملک، نائب صدر جاوید میر شیخ ایڈووکیٹ، چیئرمین ایف پی سی سی آئی قائمہ کمیٹی برائے کیمسٹس اینڈ ڈرگسٹس حاجی ہاشم نورانی سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

متعلقہ عنوان :