Live Updates

کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ، اب عوام کو اٹھ کھڑا ہونا ہوگا ،اپنے حقوق کے لئے آگے آنا ہوگا ، ہم نے دیکھا ہے کہ عوام کرپشن کے خلاف ہیں، ملک کی اشرافیہ اور سیاستدان علاج کے لئے لندن جاتے ہیں ، پاکستان کے قصبوں اور دیہات میں ڈاکٹروں اور ادویات کی قلت ہے

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کاملک بچاؤ کرپشن مٹاؤ ریلی سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

جمعرات 28 اپریل 2016 22:26

نواب شاہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے اب عوام کو اٹھ کھڑا ہونا ہوگا اپنے حقوق کے لئے آگے آنا ہوگا ، ہم نے تین دنوں میں سندھ کے مختلف شہروں اور قصبوں میں ریلی نکال رہے ہیں ہم نے دیکھا ہے کہ عوام کرپشن کے خلاف ہیں۔ وہ جمعرات کو یہاں تحریک انصاف کی جانب سے ملک بچاؤ کرپشن مٹاؤ ریلی سے خطاب اوربعد ازاں نواب شاہ پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرپشن مٹاؤ ریلی تحریک انصاف کی ذاتی نہیں بلکہ عوام کی آواز ہے انہوں نے کہا کہ نعرے لگاتے ہیں کہ کشمیر بنے کا پاکستان مگر دوسری جانب پاکستان کے عوام کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں انہیں حقوق نہیں دئے جارہے انہوں نے کہا کہ ملک کا خزانہ خالی ہوگیا ہے اور اب کیفیت ہے کہ ملک کے قرضے اتارنے اور اس کا سود ادا کرنے کے لئے مزید قرضے لئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

چوہدری سرور سے اختلافات کے حوالے سے پوچھے گئے جواب میں انہوں نے کہا کہ اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں چوہدری سرور لند ن جارہے ہیں اپنے بیٹے کی الیکشن مہم میں حصہ لینے کے لئے ان کے بیٹے گلاسکو سے ہاؤس آف کامن کا الیکشن لڑ رہے ہیں کیا ایک باپ اپنے بیٹے کی مہم کے لئے بھی نہیں جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی اشرافیہ اور سیاستدان علاج کے لئے لندن جاتے ہیں مگر پاکستان کے قصبوں اور دیہاتوں میں ڈاکٹروں اور ادویات کی قلت ہے ،پڑھا لکھا طبقہ ہاتھوں میں ڈگریاں پکڑے دھکے کھا رہا ہے ان پڑھ جاہل لوگ ایم این اے اور ایم پی اے کی سفارشوں سے نوکریاں کررہے ہیں ملک کے عام شخص کے استعمال کی عام اشیاء پر بھاری ٹیکس وصول کیا جارہا ہے جبکہ امراء سے ٹیکس لینے کے بارے میں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا یہ وہ محرومیاں ہیں جس نے پاکستان کے نوجوانوں کی سوچ کو تبدیل کیا ہے اور اب وہ اٹھ کھڑے ہوئے ہیں ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ میں سالوں پہلے عام شخص کی جو حالت تھی آج بھی وہ اسی حالت میں زندگی گذار رہا ہے کوئی تبدیلی نہیں آئی یہاں کے امراء امیر تر اور غریب غربت کے باعث خودکشیاں کررہے ہیں۔ا س موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف کے رہنما ایم این اے ڈاکٹر علوی ، سندھ کے رہنما حلیم عادل شیخ بھی تھے۔تحریک انصاف کی ملک بچاؤ کرپشن مٹاؤ ریلی میں بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی جنہوں نے ہاتھوں میں جھنڈے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات