کسی کو بے روزگار کرنا حکومت کی پالیسی نہیں، فنڈز کے بہتر استعمال سے مریضوں کو سہولیات فراہم ضروری ہے‘ خواجہ سلمان رفیق

جمعرات 28 اپریل 2016 22:16

لاہور۔28اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 اپریل۔2016ء)مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب رورل سپورٹ پروگرام کے تحت 14اضلاع کے بنیادی مراکز صحت میں خدمات سرانجام دنے والے ڈاکٹرز و دیگر ملازمین کے مسئلہ پر ہمدردانہ غور کیا جارہاہے‘کسی کو بے روزگار کرنا حکومت کی پالیسی نہیں تاہم سرکاری فنڈز کا درست استعمال کر کے مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی بھی ضروری ہے۔

انہوں نے یہ بات یہاں پی آرایس پی کے ملازمین کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں خواجہ سلمان رفیق سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمنسٹریشن پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ عدنان ظفر، ایڈیشنل سیکرٹری ریگولیشنز ڈیپارٹمنٹ محمد طاہر،ڈی جی ہیلتھ مختار حسین سید، پی آر ایس پی کے افسران اور دیگر لوگوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت پی آر ایس پی کے ملازمین کو بے روزگار کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی تاہم پی آر ایس پی کے تحت کام کرنے والے ڈاکٹرز و عملہ براہ راست محکمہ صحت یا حکومت کے سرکاری ملازم نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی ہمدردی کے تحت پی آر ایس پی کے ملازمین کے کیس کا جائزہ لیا جائے گا۔ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پی آر ایس پی کے تحت چلنے والے 14اضلاع کے ہیلتھ سینٹرز کی کارکردگی کو بہتر بنانے، فنڈز کے موثر استعمال اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کر کے ایک پریزٹیشن تیارکی جائے تاکہ مستقبل کی ضروریات کا تعین کر کے اس مسئلہ پر پیش رفت کی جاسکے۔ خواجہ سلمان رفیق نے مسئلہ کے حل کے لیے مثبت پیش رفت کی یقین دہانی کرائی۔