انٹیلیکچوئل پراپرٹی رائٹس کا تحفظ قومی معیشت کے فروغ کیلئے ناگزیرہے، شاہد رشید

آئی پی آرز آن لائن رجسٹریشن ویب پورٹل کا اجراء جلد ہو گا، آئی پی رائٹس سمینار

جمعرات 28 اپریل 2016 22:07

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 اپریل۔2016ء ) چیئرمین ادارہ حقوق املاک دانش شاہد رشید نے کہا ہے کہ انٹیلیکچوئل پراپرٹی رائٹس کا تحفظ قومی معیشت کے فروغ کے لئے ناگزیرہے، اس سے چربہ سازی اورنقالی کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے ، جدت اور ایجادات کے لئے سازگار ماحول فراہم ہوتا ہے اور آئی پی رائٹس کے تحفظ سے اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوتا ہے۔

انہوں نے یہ بات انٹرنیشنل آئی پی ڈے کے حوالے سے ایوان صنعت و تجارت اسلام آباد کے اشتراک سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سیمینار میں بڑی تعداد میں تاجر تنظیموں کے نمائندوں اور مختلف اداروں کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر ٹریڈ مارکس ، کاپی رائٹس ، پیٹنٹس ، کی اہمیت اور رجسٹریشن کے حوالے سے پریزنٹینشز دی گئیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین آئی پی او نے کہاکہ امریکہ کی قومی پیداوار میں آئی پی آرز کا حصہ 38 فیصد ہے اور اس شعبے کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے جلد ہی پاکستان میں ٹریڈ مارک ، پیٹنٹس سمیت دیگر آئی پی آرز کی آن لائن رجسٹریشن کے لئے ویب پورٹل کا اجراء کر دیا جائے گا جس سے سہولت کے ساتھ ان لائن رجسٹریشن ممکن ہو سکے گی اور وقت کی بھی بچت ہو گی ۔

انہوں نے کہا تاجربرداری کو ڈآئی پی رائٹس کی رجسٹریشن اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے آئی پی او پاکستان دور رس نتائج کے حامل منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے اس سے قبل خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ مقابلے کے موجودہ دور میں تارجروں ، صنعتکاروں اور تخلیق کاروں کے لئے آئی پی آرز سے آگاہی بہت ضروری ہے اور اس سلسلے میں موثر قوانین مددگار ثابت ہو سکتے ہیں اور آئی پی رائٹس کے تحفظ سے کاروبار ی سرگرمیوں میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ تخلیق اور جدت میں بہتری آتی ہے جس سے اقتصادی و معاشی ترقی کا عمل تیز ہوتا ہے۔

انہوں نے تاجروں و صنعتکاروں کو کاروباری حقوق کا تحفظ دینے کی کوششوں میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔