Live Updates

پی ٹی آئی کے یکم مئی کے جلسے کی تیاریاں تیز ،9مختلف کمیٹیوں کی تشکیل و چیئرنگ کراس کا دورہ

ڈی سی او لاہور کو تحریری خط ارسال ،عبدالعلیم خان کی مختلف رہنماؤں سے ملاقاتیں اورمشاورت جاری ہیں ‘ ‘عبدالعلیم خان

جمعرات 28 اپریل 2016 21:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے یکم مئی کے چیئرنگ کراس لاہور کے جلسہ عام کی تیاریاں تیز ہو گئی ہیں جلسے کے چیف کوآرڈینیٹر عبدالعلیم خان نے مختلف امور کی انجام دہی اور نگرا نی کیلئے 9مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دیں جن میں سکیورٹی، لیگل،پنڈال،ایڈمنسٹریٹو ،ایڈوائزری ،میڈیا ،موبلائزیشن ،ایڈوٹائزمنٹ اورسوشل میڈیا کمیٹیاں شامل ہیں ۔

اسی طرح عبدالعلیم خان کی طرف سے لاہور کے ڈی سی او اور پی ایچ اے حکام کو تحریری خط ارسا ل کر دیا گیا ہے جو ایم پی اے میاں محمد اسلم اقبال خود لے کر گئے ہیں اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما ؤں نے چیئرنگ کراس کا دورہ کر کے جلسہ گاہ اور اس کے اطراف کا جائزہ لیا ۔ڈاکٹر یاسمین راشد،شعیب صدیقی ،جمشید اقبال چیمہ،اعجاز چوہدری ،ظہیر عباس کھوکھر ،میاں یامین ٹیپو،خواجہ جمشید امام اور دیگر پارٹی رہنماؤں سے عبدالعلیم خان کی ملاقاتوں اور مشاورت کاسلسلہ بھی جاری ہے ایم این اے منزہ حسن ،ایم پی اے سعدیہ سہیل ،ایم پی اینوشین حامد معراج،سلونی بخاری اور فوزیہ قصوری پر مشتمل ایڈوائزی کمیٹی کی بھی عبدالعلیم خان سے جلسہ کے حوالے سے بات چیت ہوئے جس میں خصوصی طور پر خواتین کیلئے کیے جانے والے انتظامات تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

مختلف اجلاسوں میں گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ دن بدن حکمرانوں کی گھبراہٹ دیدنی ہو رہی ہے جو اپنی ایک غلطی کو چھپانے کیلئے مزید غلطیاں کر رہے ہیں اور اپنی من پسند خبروں کیلئے میڈیا کو بھی گمراہ کرنے سے باز نہیں آئے انہوں نے کہا کہ نواز لیگ خاطر جمع رکھے انشا ء اﷲ پی ٹی آئی یکم مئی کو لاہور میں کامیاب ترین جلسہ منعقد کرے گی اورملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے زبر دست عوامی رد عمل سامنے آئے گا عبدالعلیم خان نے کہا کہ چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات کے مطابق لاہور کے جلسے میں فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں گے اور پارٹی کارکن بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات